1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ میں تحفظِ ماحول کے کارکنوں کی بڑی جیت

2 نومبر 2019

برطانیہ نے زیر زمین قدرتی گیس نکالنے کے متنازعہ طریقے 'ہائڈرالک فریکچرنگ‘ پر فوری پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر: Kristin Buus/Greenpeace

حکومتی فیصلہ برطانوی آئل اینڈ گیس اتھارٹی کی جانب سے اس طریقہ کار کے منفی ماحولیاتی اثرات سے متعلق ایک نئی سائنسی تحقیق کے منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا۔

ہائڈرالک فریکچرنگ یا  فریکنگ میں انتہائی پریشر کے ساتھ پانی، کیمیکلز اور ریت کو زیرِ زمین پمپ کیا جاتا ہے۔ اس طریقہ کار سے شیل کے پتھروں کو توڑا جاتا ہے تاکہ ان میں موجود قدرتی تیل اور گیس کے ذخائر خارج ہوں اور انہیں توانائی کی ضروریات پورا کرنے کی لیے استعمال کیا جا سکے۔

برطانوی آئل اینڈ گیس  اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق، اس طریقہ کار سے ڈرلنگ والے علاقوں میں آبادی پر ناقابل قبول منفی اثرات پڑ سکتے ہیں اور زلزلے کی خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

امریکی ریاست نارتھ ڈکوٹا میں فریکنگ میں استعمال کی جانے والی مشنریتصویر: Reuters/A. Cullen

امریکا میں توانائی کی بڑی بڑی کمپنوں نے فریکنگ سے بڑا پیسہ کمایا۔

برطانیہ میں تیل اور گیس انڈسٹری کی طاقتور کمپنیاں اس طریقہ کار کے فروغ کے لیے کوششیں کرتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے شمالی انگلینڈ میں ممکنہ طور پر زیر زمین موجود وسیع ذخائر  سے مستقبل کی توانائی کے ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔

لیکن برطانیہ میں ماحولیاتی ماہرین اور سول سوسائٹی اس کے نقصانات پر احتجاج کرتے آئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ  زیر زمین طریقہ کار زلزلوں کا سبب بنتا ہے اور فریکنگ میں استعمال کیے جانے والے کیمیکلز زیر زمین پانی کو آلودہ اور انسانی صحت پر بھی نقصان دہ اثرات مرتب کرتے ہیں۔

لندن میں فریکنگ کے خلاف مارچ دو ہزار سولہ میں مظاہرہتصویر: picture-alliance/AP Photo/Matt Dunham

انگلینڈ کے علاقے لینکشائر میں مقامی لوگوں کی طرف سےکواڈریلا نامی کمپنی کی فریکنگ کے لیے ڈرلنگ کی  اسی بنیاد پر مخالفت کی جاتی رہی ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ عالمی ماحول کی بربادی میں تیل، گیس اور کوئلے کے بے دریغ استعمال کا بڑا ہاتھ ہے، اس لیے حکومتوں اور طاقتور کمپنیوں کو چاہییے کہ وہ اس میں مزید سرمایہ کاری کی بجائے ماحول دوست ٹیکنالوجی بنانے پر توجہ دیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں