ملکہ الزبتھ دوئم کا انتقال چھیانوے برس کی عمر میں ہوا۔ بکنگھم پیلس کے مطابق ملکہ اسکاٹ لینڈ میں اپنی دیہی رہائش گاہ بالمورل پیلس میں گزشتہ چند دنوں سے مقیم تھیں۔ وہ ستر برس سے بھی زیادہ عرصے تک برطانیہ کی حکمران رہیں۔
اشتہار
بکنگھم پیلس کی جانب سے جمعرات کی صبح ہی ملکہ الزبتھ کی طبیعت ناساز ہونے کی اطلاع دی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ ان کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جا رہا تھا۔ جمعرات کی شام جاری کردہ بیان میں بتایا گیا، ''ملکہ الزبتھ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے انتہائی سکون کی حالت میں ابدی نیند سو گئیں۔‘‘ اس خبر کے ساتھ ہی برطانیہ کا یونین جیک کہلانے والا قومی پرچم ہر جگہ سرنگوں کر دیا گیا۔ ساتھ ہی ملکہ کی موت پر دس روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کر دیا گیا۔
شاہی خاندان کے ارکان کی بالمورل آمد
ملکہ نے جمعرات کے روز کے لیے اپنی تمام تر سرکاری اور نجی مصروفیات منسوخ کر دی تھیں۔ ان کے انتقال سے پہلے ہی ان کے اہل خانہ بالمور ل کاسل پہنچ چکے تھے۔ قبل ازیں ملکہ کی طبیعت کی خرابی کی خبر سنتے ہی پرنس ولیم، پرنس اینڈریو، پرنس ایڈورڈ اور ان کی اہلیہ صوفی کاروں کے ایک بڑے قافلے کی صورت میں سکاٹ لینڈ پہنچ گئے تھے۔ آخری خبریں آنے تک ملکہ کے دوسرے پوتے پرنس ہیری بھی اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ پہنچنے والے تھے۔ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل ابھی چند دن قبل ہی ایک تقریب میں شرکت کے لیے جرمن شہر ڈسلڈورف آئے ہوئے تھے۔
ستر سال تک حکمرانی کرنے والی برطانوی ملکہ
ملکہ الزبتھ کا پورا پیدائشی نام الزبتھ الیگزینڈرا میری ونڈسر رکھا گیا تھا۔ وہ اکیس اپریل سن 1926 کو لندن میں پیدا ہوئی تھیں اور چھ فروری 1952 کے روز بادشاہ جارج ششم کے انتقال کے بعد تخت نشین ہوئی تھیں۔ اس وقت وہ ایک بین الاقوامی دورے پر کینیا میں تھیں، جب کہ کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت ایک درجن سے زائد علاقے ابھی تاج برطانیہ سے جڑے ہوئے تھے۔ الزبتھ ثانی ستر برس سے زائد عرصے تک برطانیہ کی ملکہ رہیں۔ اس طرح وہ سب سے طویل عرصے تک تاجِ برطانیہ اپنے پاس رکھنے کے اعزاز کی حامل بھی رہیں۔ اس دوران انہوں نے برطانیہ پر طویل ترین عرصے تک حکمرانی کا ملکہ وکٹوریہ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔
ملکہ الزبتھ نے اپنے بچپن کے ساتھی پرنس فِیلپ کے ساتھ سن 1947 میں شادی کی تھی۔ ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فیلِپ ننانوے برس کی عمر میں گزشتہ برس انتقال کر گئے تھے۔
عوامی تقریبات میں شرکت میں کمی
رواں برس فروری میں ملکہ الزبتھ کووِڈ انیس میں مبتلا ہو گئی تھیں اور اس کے علاوہ گزشتہ برس اکتوبر میں انہوں نے ایک رات ہسپتال میں بھی گزاری تھی۔ تب تاہم ان کی بیماری کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔ آنجہانی ملکہ پچھلے کچھ عرصے سے عوامی تقریبات میں بھی بہت کم دکھائی دیتی ہیں۔ چھ فروری 2022ء کو ان کی تاجپوشی کے ستر برس مکمل ہونے کے موقع پر پلاٹینم جوبلی تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
اشتہار
نئے برطانوی بادشاہ شہزادہ چارلس
ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال کے بعد تاج برطانیہ ان کے ولی عہد، شہزادہ چارلس کو منتقل ہو جائے گا اور ان کی اہلیہ کامیلا پارکر باؤلز ملکہ ہوں گی۔ یہ دونوں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب بالمورل میں گزار کر جمعے کو لندن واپس پہنچیں گے۔ اس طرح دولت مشترکہ میں شامل چودہ ممالک کے سربراہ مملکت کے فرائض بھی نئے بادشاہ چارلس کو منتقل ہو جائیں گے۔ برطانوی دولت مشترکہ یا برٹش کامن ویلتھ میں پچاس کے قریب ایسے ممالک شامل ہیں، جو سب کے سب ماضی میں برطانوی نوآبادیاں تھے۔
ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر پوری دنیا سے سینکڑوں رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ملکہ الزبتھ کی 96 ویں سالگرہ
لندن میں آج ملکہ برطانیہ کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملکہ الزبتھ کو سب سے زیادہ طویل مدت تک تاجِ برطانیہ اپنے پاس رکھنے کا اعزاز حاصل ہے۔
تصویر: Avalon/Photoshot/picture alliance
گھوڑوں کے ساتھ تصویر
جمعرات کے روز ملکہ الزبتھ کی سالگرہ کے موقع پر لندن اور وِنڈسر بھر میں خصوصی طور پر توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ فوجی بینڈس نے 'سالگرہ مبارک ہو‘ کی دھنیں بجائیں۔ ملکہ برطانیہ پچھلے ستر سال سے تاجِ برطانیہ سر پر سجائے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ملکہ برطانیہ کی دو گھوڑوں کے ہمراہ تصویر جاری کی گئی ہیں۔ ملکہ رواں برس تخت نیشنی کی پلاٹینیم جوبلی بھی منا رہی ہیں۔
تصویر: henrydallalphotography.com/Royal Windsor Horse Show via AP/picture alliance
رنگ مگر امتزاج
ملکہ برطانیہ کا لباس روایت ساز ہے۔ وہ ہر لباس پر لمبا کوٹ پہنے نظر آتی ہیں، تاکہ ہوا سے لباس نہ ہلے۔ اسی کوٹ کے رنگ کا ہیٹ ان کے سر پر ہوتا ہے جب کہ ایک سیاہ بیگ ہمیشہ ان کے پہلو میں دکھائی دیتا ہے۔
ہیٹ کا راز
ملک ہر رنگ کے ہ ہیٹ پہنتی ہیں، کبھی بہت رنگین ،کبھی پھولدار اور کبھی بہت سادہ، مگر ان کا ہیٹ ہمیشہ ان کے لباس سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔ ان کی الماری میں کتنے ہیٹ ہیں؟ شاید یہ دنیا کے سب سے زیادہ محفوظ رازوں میں سے ایک ہے۔
تصویر: Jonathan Brady/dpa/picture alliance
ملکہ یونیفارم میں
ملکہ کو ہاتھ گندے ہونے کا ڈر نہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران الزبتھ وِنڈسر برطانوی فوج کے خواتین کے ڈویژن میں خدمات سرانجام دیتی رہیں۔ اس دوران انہوں نے بہ طور مکینک تربیت لی اور ٹرک چلانا بھی سیکھا۔ یہ تصویر اپریل 1945 کی ہے۔
تصویر: PA Wire/empics/picture alliance
ملکہ کی شادی
ملکہ الزبتھ نے اپنے بچپن کے ساتھی پرنس فِلیپ کے ساتھ سن 1947 میں شادی کی۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد بچتی اصلاحات کی وجہ سے ملکہ نے کپڑوں کے کوپنز جمع کر کے شادی کے لیے لباس بنایا۔ اس لباس میں دس ہزار موتی جڑے ہوئے ہیں۔ یہ جوڑا 73 سال تک ساتھ رہا۔ گزشتہ برس تاہم پرنس فیلِپ انتقال کر گئے۔
تصویر: imago images
تاج پوشی پر، پانچ میٹر لمبی ’مملکتی ڈوری‘
چھ فروری 1952 کو ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی ہوئی، اس موقع پر تقریب میں ان کے سفید ریشمی لباس کے ساتھ کپڑا تھا جس میں دولت مشترکہ کے ممالک کے رنگوں کی کڑھائی کی گئی تھی۔
تصویر: United Archives/TopFoto/picture alliance
صدی کا سب سے بڑا دورہ
مئی 1965 میں ملکہ برطانیہ کے دورہ مغربی جرمنی کو صدی کا سب سے بڑا دورہ پکارا گیا تھا۔ اس وقت کسی بھی دوسرے غیرملکی رہنما کے مقابلے میں ملکہ کا استقبال سب سے زیادہ گرم جوش تھا۔ پچھلے چھپن برسوں میں وہ پہلی برطانوی تاج ور تھیں جنہوں نے مغربی جرمنی کا دورہ کیا۔
تصویر: Kurt Rohwedder/dpa/picture alliance
سبز اور سفید میدان میں
میدان کے رنگوں یعنی سبز و سفید لباس میں ملکہ نے ویمبلی میں 1996 میں جرمن فٹ بال ٹیم سے یورپیئن چیمپیئن شپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں مصافحہ کیا۔ اس میچ میں چیک جمہوریہ نے اضافی وقت میں جرمنی کو ایک گولڈن گول کے ذریعے شکست دی تھی۔
تصویر: Bernd Weissbrod/dpa/picture alliance
سرکاری کام
نئی مدت کے آغاز پر ملکہ برطانوی پارلیمان سے خطاب کرتی ہیں۔ اس موقع پر وہ روایتی شاہی لباس پہنتی ہیں۔ اس خطاب میں وہ نئی حکومت کے منصوبوں کی تفصیلات بتاتی ہیں۔ اس موقع پر ان کے شوہر پرنس فِلیپ ان کے ساتھ دکھائی دیا کرتے تھے۔
تصویر: Utz/dpa/picture alliance
کرسمس اپنے ساتھی کے بغیر
پچھلے برس کرسمس پر ملکہ نے پہلی بار ایک بیوہ کے بہ طور خطاب کیا۔ پچھلے برس اپریل میں پرنس فِلیپ انتقال کر گئے تھے۔ اپنے خطاب میں ملکہ نے کرسمس کے موقع پر بچھڑ جانے والوں کی یاد پر زور دیا۔ مگر اس موقع پر انہوں نے امید اور مسرت کا دامن تھامے رکھنے کا بھی کہا۔
تصویر: Victoria Jones/REUTERS
پلاٹینم جوبلی پارٹیز
چھ فروری 2022 کو ملکہ نے تاجپوشی کے ستر برس مکمل ہونے پر پلاٹینم جوبلی تقریبات کا آغاز کیا۔ یہ پارٹیز سال بھر جاری رہیں گی، جب کہ اس دوران اہم تقریبات دو سے پانچ جون کو مختلف مقامات پر ہوں گی۔ اسی تناظر میں بیکنگھم پیلس میں کانسرٹ بھی رکھا گیا ہے۔