برقی توانائی سے چلنے والی کاریں
9 فروری 2009کمپنی کے مطابق امریکہ گاڑیوں کی فروخت کے حوالے سے ایک بڑی منڈی ہے اور امریکہ میں گاڑیوں کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ نئے ماڈلز متعارف کرانے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں اور اسی منصوبے کے تحت آئندہ تین سال کے دوران امریکہ میں بجلی سے چلنے والی کاریں متعارف کرائی جائیں گی جبکہ آئندہ دس سال کے دوران دس نئے ماڈل کی گاڑیاں بھی امریکی منڈی میں فروخت کےلئے پیش کی جائیں گی۔
ایک طرف جہاں عالمی اقتصادی بحران نے موٹر ساز صنعت کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں دنیا بھر میں ماحول دوست گاڑیوں اور آلودگی سے پاک ایندھن کے استعمال کے حوالے سے شعور میں اضافہ بھی ہوا ہے۔
گاڑیاں فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسس شامل کرنے کا ایک بڑا موجب ہیں۔
دنیا کے کئی کارساز ادارے پہلے ہی گیس، الیکٹرک ، گیسولین الیکٹرک ہائبرڈ اور ہائڈروجن گیس کارز کی تیاری اور پیداوار میں مصروف ہیں۔ کار ساز ادارہ نسان اگلے سال سے باقاعدہ طور پر الیکٹرک کارز کی اوپن مارکیٹ میں ترسیل کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
گیسولین الیکٹرک انجن ایک نئی تکنیک ہے۔ گو کہ یہ مکمل طور پر آلودگی سے پاک نہیں تاہم فی الحال استعمال ہونے والی گاڑیوں کے لحاظ سے، اس تکنیک سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بہت کم مقدار پیدا ہو تی ہے۔
موٹر ساز ادارے ٹویوٹا کے گروپ وائس پریزڈنٹ Irv Miller کا کہنا ہے کہ مکمل طور پر برقی توانائی سے چلنے والی کاریں تیاری کے تقریبا آخری مراحل میں ہیں اوراگلے دو سالوں تک وہ ہر طرح سے صارفین کو دستیاب ہوں گی۔