1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن میراتھن: ڈینس کیمیٹو کا ورلڈ ریکارڈ

عابد حسین28 ستمبر 2014

جرمن دارالحکومت برلن میں میراتھن کا انعقاد اتوار، اٹھائیس ستمبر کو کیا گیا۔ اِس میراتھن ریس میں افریقی ملک کینیا کے ایتھلیٹ ڈینس کیمیٹو نے ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے کامیابی حاصل کی۔

ڈینس کیمیٹوتصویر: REUTERS/Hannibal Hanschke

ڈینس کیمیٹو نے برلن میراتھن ریس میں ورلڈ ریکارڈ چھبیس سیکنڈ کے فرق سے قائم کیا۔ سابقہ ورلڈ ریکارڈ سن 2011 میں امریکی شہر بوسٹن میں منعقد کی جانے والی میراتھن ریس میں جیفری موتائی نے قائم کیا تھا۔ کینیا کے ایتھلیٹ نے 42 کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ دو گھنٹے دو منٹ اور 57 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ اِس ریس میں سابقہ ورلڈ ریکارڈ کے حامل جیفری موتائی بھی شریک تھے لیکن تقریباً چار کلو میٹر کے فرق سے ڈینس کیمیٹو نے ریس کو جیتا۔ کیمیٹو نے گزشتہ برس شکاگو ریس کو بھی جیتا تھا۔

برلن میراتھن میں چالیس ہزار سے زائد ایتھلیٹ شریک تھےتصویر: Reuters/Thomas Peter

کیمیٹو، اِس طرح میراتھن تاریخ کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں جس نے دو گھنٹے اور تین منٹ میں حتمی لکیر کو توڑا۔ کیمیٹو سے قبل دنیا بھر کی کسی بھی میراتھن میں کوئی بھی ایتھلیٹ دو گھنٹے اور تین منٹ سے کم وقت میں میراتھن کا فاصلے نہیں طے کر سکا تھا۔ افریقی ملک کینیا کے تیس سالہ کسان نے زراعت کو خیرباد کہہ کر میراتھن ریس کے ڈسپلن کو اختیار کر لیا تھا۔

برلن میراتھن میں دوسری پوزیشن جیفر موتائی کو حاصل ہوئی۔ موتائی نے میراتھن ریس کا مقررہ فاصلہ دو گھنٹے تین منٹ اور تیرہ سیکنڈ میں مکمل کیا۔ موتائی نے ریس مکمل کرنے کے لیے جو وقت لیا وہ سابقہ ریکارڈ سے بہتر تھا لیکن پوزیشن اُن کو دوسری حاصل ہوئی۔ تیسرے مقام پر ایتھوپیا کے ابیرا کُوما ہیں۔ کُوما نے برلن میراتھن میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے دو گھنٹے پانچ منٹ اور چھپن سیکنڈ کا وقت لیا۔

برلن میراتھن میں ایک تیس ملکوں کے ایتھلیٹوں نے شمولیت کیتصویر: Reuters/Hannibal

برلن میراتھن میں خواتین ایتھلیٹس بھی شریک تھیں اور اِن میں ایتھوپیا کی خاتون ایتھلیٹ ٹیرفی ٹسیگائے نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ٹسگائے نے ریس جیتنے کے لیے دو گھنٹے بیس منٹ اور اٹھارہ سیکنڈ کا وقت لیا۔ دوسری پوزیشن پر اُن کی ہم وطن فیسی ٹاڈیسی تھیں جنہوں نے مقررہ فاصلہ دو گھنٹے بیس منٹ اور ستائیس سیکنڈ میں طے کیا۔ تیسرا مقام امریکی ایتھلیٹ شیالین فلاناگان کو حاصل ہوا ہے۔ امریکی خاتون ایتھلیٹ نے تیسری پوزیشن کے لیے دو گھنٹے اکیس منٹ اور ستائیس سیکنڈ کا وقت لیا۔

یہ امر اہم ہے کہ بوسٹن میراتھن ریس میں جیفری موتائی نے کینیا کے ایتھلیٹ ولسن کِپسانگ کے ورلڈ ریکارڈ کو بہتر کیا تھا۔ ولسن کِپانگ نے سن 2010 میں بوسٹن میراتھن ریس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ برلن کا ریس ٹریک کیونکہ سیدھا ہے اور اِس باعث یہ ریکارڈ سازی کے لیے خاصا سازگار خیال کیا جاتا ہے۔ برلن میراتھن میں ایک سو تیس ملکوں کے چالیس ہزار سے زائد ایتھلیٹ شریک ہوئے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں