برلن میں پھر ’برلینالے‘ کی رونقیں
5 فروری 2014
ان بیس فلموں میں اس بار جرمنی سے اکٹھی چار فلمیں اعلیٰ ترین اعزازات کے لیے مقابلے میں شامل ہیں۔ اس بار میلے کی آٹھ رکنی جیوری کی سربراہی ممتاز امریکی فلم پروڈیوسر جیمز شیمَس کر رہے ہیں جبکہ جیوری کے ارکان میں دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے آسٹرین اداکار کرسٹوف والٹس بھی شامل ہیں۔
اکیس ملین یورو کی لاگت سے منظم کیے جانے والے اس گیارہ روزہ میلے کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلک کے مطابق امسالہ میلے کے تین مرکزی موضوعات ہیں، بچوں اور نوعمروں سے متعلق فلمیں، جرمن فلمیں اور ایسی فلمیں، جن میں انسانوں کو پُر تشدد واقعات سے گزرنا پڑتا ہو۔ ایسی ہی ایک فلم کی مثال دیتے ہوئے کوسلِک نے آسٹریا کی ہدایتکارہ فیو الاداگ کی فلم ’اِن بِٹوین ورلڈز‘ کا ذکر کیا، جس میں افغانستان میں خدمات انجام دینے والے جرمن فوج کے ایک سپاہی کی داستان بیان کی گئی ہے۔
میلے کا افتتاح امریکی ہدایتکار وَیس اینڈرسن کی فلم ’دی گرینڈ بُوڈاپیسٹ ہوٹل‘ کے ورلڈ پریمیئر سے ہو گا۔ اس فلم میں پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے درمیانی عرصے میں اس ہوٹل میں استقبالیہ کلرک کے طور پر کام کرنے والے ایک شخص کی داستان بیان کی گئی ہے۔ مرکزی کردار برطانوی اداکار رالف فِنیس نے ادا کیا ہے۔
اس بار اس میلے کی رونق بڑھائیں گے، امریکی اداکار جارج کلونی۔ اُن کی اداکاری سے سجی فلم ’دی مونومینٹس مَین‘ مقابلے سے ہَٹ کر نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ اس فلم کے باقی اداکاروں میں مَیٹ ڈَیمن، بِل مرے اور کیٹ بلانچیٹ بھی شامل ہیں۔ اس فلم کی کہانی آرٹ کے دلدادہ افراد کی ایک ایسی ٹیم کے بارے میں ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے دوران انتہائی بیش قیمت فن پاروں کو نازیوں کی دست بُرد سے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
امسالہ ’برلینالے‘ کے دوران پورے برلن شہر کے سنیما گھروں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں چھ زیادہ یعنی کُل چار سو نو فلمیں دکھائی جائیں گی۔
اس سال برلینالے کے دوران فلم بین ڈنمارک کے ہنگامہ خیز فلم ڈائریکٹر لارس فان ٹریئر کی فلم ’نمفومینیک والیم وَن‘ کے خاص طور پر منتظر ہیں۔ برلن میں اس فلم کا وہ ورژن دکھایا جائے گا، جس میں فان ٹریئر نے اپنی مرضی سے مناظر میں کمی بیشی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برلن میں دکھائی جانے والی یہ فلم ڈنمارک میں دکھائی جانے والی فلم سے تیس سے پینتیس منٹ زیادہ طویل ہو گی۔
میلے کے دوران ستتر سالہ برطانوی فلم ڈائریکٹر کَین لوچ کو فلم کے لیے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں گولڈن بیئر کے اعزازی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
برلن فلمی میلے کے پینوراما سیکشن میں بھارتی ہدایتکار امتیاز علی کی فلم ’ہائی وے‘ کا بھی ورلڈ پریمیئر ہو گا۔ اس فلم میں مرکزی کردار عالیہ بھٹ اور رندیپ ہُودا نے ادا کیے ہیں اور یہ اکیس فروری سے سنیماؤں کی زینت بنے گی۔ امتیاز علی نے، جو اس سے پہلے ’جب وی مَیٹ‘، ’لَوّ آج کل‘ اور ’رَوک سٹار‘ جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں، اپنی فلم ’برلینالے‘ کے لیے چُنے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فلم بینوں کی تعداد کے اعتبار سے برلن کے اس میلے کو دنیا کا سب سے بڑا میلہ کہا جاتا ہے۔ گزشتہ برس کے میلے کے دوران تین لاکھ کے قریب سنیما ٹکٹ فروخت ہوئے تھے، اس تعداد میں اس بار مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔