برلینالے میں پہلی جرمن فلم کی نمائش آج ہفتہ کو
12 فروری 2011یہ فلم معروف جرمن ہدایتکار اُلرش کوئہلر کی بنائی ہوئی ہے، جس میں کیمرون میں کام کرنے والے ایک ایسے جرمن ترقیاتی امدادی کارکن کی کہانی بیان کی گئی ہے، جس کے لیے اس کا اپنا ہی وطن جرمنی اجنبی بن جاتا ہے۔
آج بارہ فروری ہفتہ کے روز امسالہ برلینالے میں گولڈن اور سلور بیئر انعامات کے لیے دوڑ میں شامل اس انگلش فلم کی اولین نمائش بھی کی جا رہی ہے، جس کا نام ہے Yelling to the Sky اور جس کے مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں میں گیبوری سیڈیبے اور معروف گلوکار لینی کراوٹس کی بیٹی زوئے کراوٹس شامل ہیں۔ یہ فلم وکٹوریہ میہونی کی بنائی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ برلینالے 2011ء میں ہفتہ کے روز ترک جرمن فلم پروڈکشن ’’المانیہ، ویلکم ان جرمنی‘‘ کی نمائش بھی کی جا رہی ہے۔
دس فروری کو شروع ہو کر مجموعی طور پر دس روز تک جاری رہنے والے اس سال کے برلینالے فلم فیسٹیول میں 12 فروری کو پینوراما پروگرام کے تحت آسکر انعام یافتہ کیون میکڈونلڈ کی قسط وارفلم Life in a Day بھی دکھائی جا رہی ہے۔
اس منصوبے کے تحت گزشتہ برس 197 ملکوں میں شائقین کو یہ دعوت دی گئی تھی کہ وہ اپنی اپنی روزمرہ زندگی میں 24 جولائی کے دن کی مصروفیات اور تفصیلات پر مشتمل دستاویزی فلمیں بنائیں۔ یوں اس مقابلے کے لیے 80 ہزار سے زائد مختصر فلمیں بنا کر انٹرنیٹ ویڈیو پلیٹ فارم یو ٹیوب پر اپ لوڈ کر دی گئی تھیں۔
برلینالے کے پروگرام کے مطابق بارہ فروری ہی کو برلینالے اسپیشل کیٹیگری میں معروف گلوکار اور شہری حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے سرکردہ کارکن ہیری بیلافونٹ اپنی زندگی سے متعلق وہ دستاویزی فلم بھی نمائش کے لیے پیش کر رہے ہیں، جسے Sing Your Song کا نام دیا گیا ہے۔
امسالہ برلینالے میں یوں تو چار سو کے قریب فلمیں دکھائی جائیں گی تاہم اصل مقابلہ ان سولہ فلموں کے درمیان ہو گا، جن میں سے ایک جیوری گولڈن اور سلور بیئر کے اعلیٰ ترین انعامات کے لیے محض دو فلموں کا حتمی انتخاب کرے گی۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: شادی خان سیف