1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برمنگھم ٹیسٹ: اکمل ڈراپ، یوسف شامل نہیں

6 اگست 2010

پاکستانی سلیکٹرز نے تجربہ کار مگر آوٴٹ آف فارم وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے ڈراپ کیا ہے جبکہ کپتان سلمان بٹ کے مطابق اکمل کو صرف آرام دیا گیا ہے۔

تصویر: ap

دوسری جانب اس بات کی بھی تصدیق ہو گئی ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اپنا فیصلہ واپس لینے والے بیٹسمین محمد یوسف برمنگھم ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں شامل نہیں کئے جائیں گے۔ یوسف جمعرات کو ہی پاکستان سے برطانیہ پہنچے، جس کے باعث ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں تھا کہ وہ باقی کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹیم پریکٹس میں حصّہ لے سکتے۔

خراب فارم کے باعث ڈراپ ہونے والے کامران اکمل کی جگہ اب دوسرےٹیسٹ میں چوبیس سالہ ذوالقرنین حیدر وکٹ کیپر کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اکمل نے چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کی دونوں ہی اننگز میں کئی کیچ گرائے اور سٹمپنگ کا ایک آسان سا موقع بھی گنوا دیا تھا۔

کامران اکمل نے چھ ٹیسٹ سنچریاں سکور کی ہیںتصویر: AP

ذوالقرنین حیدر نے اپنی سلیکشن پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔’’میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مجھے ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے یقین تھا کہ سیریز کے آخری مرحلے میں مجھے کم از کم ایک ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع ضرور ملے گا لیکن یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے دوسرے ہی ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔‘‘

اکمل نے ٹرینٹ برج ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نہ صرف کولنگ وُڈ کا بہت ہی آسان کیچ چھوڑا بلکہ بیٹنگ کے شعبے میں بھی وہ بری طرح ناکام رہے۔ وہ اپنی دونوں ہی اننگز میں بغیر کوئی رن بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔ تاہم دلچسپی کی بات یہ ہے کہ یوسف کے برطانیہ پہنچنے سے پہلے وہ پاکستان کے سکواڈ میں واحد ایسے بیٹسمین تھے، جس کی ٹیسٹ کرکٹ میں چھ سنچریاں ہیں۔

بیٹسمین محمد یوسف انگلینڈ پہنچ چکے ہیںتصویر: AP

اکمل نے اب تک اکیاون ٹیسٹ میچوں میں چھ سنچریوں اور بارہ نصف سنچریوں کی مدد سے 2624 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ نے اکمل کے بارے میں کہا:’’میں یہ کہوں گا کہ اکمل کو آرام دیا گیا ہے۔ اس وقت وہ اچھی فارم میں نہیں ہیں۔ تھوڑے سے آرام سے وہ آئندہ دس روز میں بغیر کسی پریشر کے اپنی صلاحیتوں کے بارے میں سوچیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ایک چیمپیئن کھلاڑی ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ میں اُن کی واپسی یقینی ہے۔‘‘ اکمل نے گزشتہ اٹھائیس ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر وکٹ کے پیچھے چونتیس مواقع ضائع کئے ہیں۔

دریں اثناء پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹرینٹ برج ٹیسٹ میچ میں عبرتناک شکست کے باوجود انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے پُر اعتماد نظر آ رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ آج جمعہ سے برمنگھم میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستانی فاسٹ بولر اور سوئنگ بولنگ کے ماہر محمد آصف نے توقع ظاہر کی ہے کہ ٹیم ٹرینٹ برج میں ہوئی شکست کا بدلہ ضرور لے گی۔ انگلینڈ نے ٹرینٹ برج میں پاکستانی نوجوان ٹیم کو 354 رنز سے ہرایا تھا تاہم اسی نا تجربہ کار ٹیم نے ہیڈنگلے میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں