1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتافریقہ

برکینا فاسو میں ایک سال میں دوسری فوجی بغاوت پر عالمی تشویش

1 اکتوبر 2022

فوجی اہلکاروں کے ایک گروہ نے جمعے کے روز بغاوت کے بعد سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ معزول فوجی رہنما کرنل دمیبا کے بارے میں معلوم نہیں کہ ان کےساتھ کیا سلوک کیا گیا۔

Burkina Faso | Militärputsch
تصویر: RADIO TELEVISION BURKINA FASO/REUTERS

مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں اس سالکی دوسری فوجی بغاوت کے بعد غیر یقینی کی صورتحال میںاضافہ ہو گیا ہے۔ جمعہ 30 ستمبر کو چند جونیئر افسران نے ملک کے فوجی لیڈر کو یہ کہتے ہوئے ان کے عہدے سے معزول کر دیا تھا کہ وہ ملک میں جہادی حملوں سے لڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ دارالحکومت اواگاڈوگو میں ایک مہیب خاموشی ہے جہاں بکتر بند گاڑیوں اور پک اپ ٹرکوں میں سوار فوجیوں نے قومی ٹیلی ویژن سینٹر کے گرد حفاظتی پہرہ بٹھا رکھا ہے ۔

 اس دوران سڑکوں پر ٹریفک آہستہ آہستہ دوبارہ بحال ہو گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ دوکانیں اور کاروبار بھی دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل جمعے کے روز صدارتی محل کے گرد فائرنگ تازہ ترین  بغاوت پر منتج ہوئی۔  فوجی اہلکاروں کے اس عمل کی وسیع پیمانے پر مزمت کی جا رہی ہے۔

برکینا فاسو کے دارلحکومت میں فوجیوں نے روکاوٹیں کھڑی کرکےسرکاری عمارتوں کو جانے والے راستے بند کر دیےتصویر: Assane Ouedraogo/EPA-EFE

مغربی افریقی ریاستوں کے علاقائی اتحاد کی اقتصادی برادری نے اقتدار پر تازہ ترین قبضے کی ''سخت ترین ممکنہ الفاظ میں مذمت‘‘ کی ہے، اور اسے ایسے وقت میں ''نامناسب‘‘ قرار دیا ہے جب یکم جولائی 2024 ء تک اس انتہائی غربت کے شکار ملک کی آئینی نظام کی طرف واپسی کے لیے پیش رفت ہو رہی تھی۔

برکینا فاسو کے سابق نوآبادیاتی حکمران ملک  فرانس نے اواگاڈوگو میں اپنے چار سے پانچ ہزار کے درمیان شہریوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ یورپی یونین نے ان واقعات پر ''تشویش‘‘ کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ نے ''تمام فریقین سے سکون اور تحمل کی طرف واپسی‘‘کا مطالبہ کیا۔

جمعے کے روز فوجی وردیوں میں ملبوس ایک درجن سے زائد افراد نے سرکاری ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر موجودہ فوجی لیڈر لیفٹیننٹ کرنل پال ہنری سانڈوگودمیبا کی برطرفی کا اعلان کیا۔ انہوں نے 34 سالہ کیپٹن ابراہیم ترور کو اپنا نیا لیڈر قرار دیا۔ ان وردی پوش فوجیوں نے اپنے بیان میں کہا، ''ہم نے ایک ہی آئیڈیل کے تحت یعنی اپنے علاقے کی سلامتی اور سالمیت کی بحالی کے لیے يہ ذمہ داریاں سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

برکینا فاسو کے معزول فوجی لیڈر لیفٹیننٹ کرنل پال ہنری سانڈوگو دمیباتصویر: BURKINA FASO PRESIDENCY/REUTERS

 ایک تاجر اور کارکن حبیبتا روامبا نے ہفتے کے روز کہا، ''دمیبا ناکام رہے۔ جب سے وہ اقتدار میں آئے، ان علاقوں پر حملہ کیا گیا جو پرامن تھے۔ انہوں(دمیبا) نے اقتدار سنبھالا لیکن پھر  ہمیں دھوکہ دیا،‘‘ براعظم افریقہ میں ساحل کا زیادہ تر علاقہ بڑھتے ہوئے اسلامی عسکریت پسندوں کی  بغاوت سے نبردآزما ہے۔  تشدد کے واقعات کے بعد مالی، گنی اور چاڈ میں 2020 ء سے بغاوتوں کا ایک سلسلہ شروع ہو رکھا ہے۔

برکینا فاسو کے معزول فوجی لیڈر دمیبا نے جنوری کے مہینے میں منتخب صدر روچ مارک کرسچن کبور پر جہادیوں کو شکست دینے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرنے کے بعد خود کو 16 ملین آبادی والے ملک کے رہنما کے طور پیش کیا تھا۔ نئے طاقت ور فوجی لیڈر ابراہیم ترور اس سے قبل کایا کے شمالی علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف اسپیشل فورسز یونٹ ''کوبرا‘‘ کے سربراہ تھے۔ تاہم اس تازہ فوجی بغاوت کے بعد سے دمیبا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں پر ہیں۔

2015 ء سے برکینا فاسومیں جاری لڑائی سے ہزاروں افراد ہلاک اور تقریباً 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔

ش ر ⁄ ع ص (اے ایف پی) 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں