بس اور آئل ٹینکر میں تصادم، کم از کم 27 افراد ہلاک
22 جنوری 2019جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق کراچی سے بلوچستان جانے والی ایک بس کراچی کے قریب ہی واقع حب چوکی کے علاقے میں سامنے سے آنے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔حب بلوچستان کا شہر ہے اور بلوچستان اور سندھ کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ پیر 21 جنوری کی شب پیش آیا۔
مقامی ایڈمنسٹریٹر شبیر مینگل کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 33 مسافر سوار تھے۔ کم از کم چار زخمی مسافروں کا علاج کراچی کے ایک ہسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ مینگل کے مطابق آگ کے باعث ہلاک شدگان کی لاشیں بُری طرح جھلس گئی ہیں اور ان کی شناخت کے لیے اب ڈی این اے ٹیسٹ کی مدد لی جا رہی ہے۔
صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال نے اس حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دیا ہے۔
پاکستان میں سڑکوں اور گاڑیوں کی بُری صورتحال اور پھر ٹریفک سیفٹی کے نامناسب اقدامات کے سبب ٹریفک حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ پاکستانی حکومت کے اعداد وشمار کے مطابق ملک میں ہر سال ٹریفک حادثات کے نتیجے میں پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوتے ہیں۔
جون 2017ء میں پاکستان کے مشرقی حصے میں ایک آئل ٹینکر حادثے کے بعد الٹ گیا تھا جس کے بعد مقامی افراد اس ٹینکر سے بہنے والے تیل کو جمع کرنے میں مصروف تھے کہ وہاں آگ لگ گئی۔ اُس حادثے میں 200 کے قریب افراد مارے گئے تھے۔
ا ب ا / ع س (ڈی پی اے)