1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

سفید فام بالا دستی پر مبنی دہشت گردی پربائیڈن کی تنقید

18 مئی 2022

امریکی صدر جو بائیڈن نے بفلو میں فائرنگ کے مقام کا دورہ کیا اور ایسے دہشت گردانہ حملوں کے لیے اس میڈیا اور ان سیاستدانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جو انتہا پسند نظریات پھیلانے کا کام کرتے ہیں۔

Buffalo I Biden kritisiert  Ideologie von Rechten
تصویر: Andrew Harnik/AP/dpa/picture alliance

امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کے روز ریاست نیویارک کے دوسرے سب سے بڑے شہر بفلو کا دورہ کیا جہاں 10 سیاہ فام افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ جائے وقوعہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعے کے مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی فائرنگ کی وجہ سفید فام بالادستی کا ''زہر'' ہے۔

بفلو میں ایک 18 سالہ سفید فام مسلح نوجوان پر 13 افراد پر فائرنگ کرنے کا الزام ہے، جن میں سے 11 سیاہ فام ہیں۔ ملزم نے بڑی تعداد میں رہنے والے سیاہ فام محلے میں واقع ایک سپر مارکیٹ میں فائرنگ کی تھی اور دانستہ طور پر وہاں موجود سیاہ فاموں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس کیس اور پورے معاملے کی تفتیش نفرت پر مبنی جرم اور ''نسل پرستی پرمبنی تشدد اور انتہا پسند ی '' کے واقعے کے طور پر کی جا رہی ہے۔

جو بائیڈن نے اس موقع پر کہا، 'یہاں جو کچھ بھی ہوا وہ سادہ اور واضح ہے: دہشت گردی، دہشت گردی اور اندرونی دہشت گردی۔‘

سیاست اور انٹرنیٹ پر نکتہ چینی

امریکی صدر نے ان لوگوں کی بھی مذمت کی جو، ''اقتدار کے حصول اور اپنے سیاسی فائدے اور منافع کے لیے جھوٹ پھیلانے کا کام کرتے ہیں۔''

تصویر: Brendan McDermid/REUTERS

انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ''میڈیا، سیاست اور انٹرنیٹ نے ایک نفرت کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس نے ناراض، الگ تھلگ پڑنے والے اور گمراہ لوگوں کو اس جھوٹی بات پر یقین کرنے پر مجبور کر دیا ہے کہ وہ دوسروں کی جگہ حاصل کر لیں گے۔ یہی لفظ ہے، دوسرے کی جگہ لے لینا۔''

بفلو کے مبینہ قاتل نے اپنے ایک منشور میں نام نہاد متبادل، یا دوسرے کی جگہ لینے کے نظریے کا حوالہ بھی دیا تھا۔ اس نظریے کا دعویٰ ہے کہ بائیں بازو کی سازش کے حصے کے طور پر غیر سفید فام تارکین وطن سفید فام آبادی پر غالب آ رہے ہیں۔

بائیڈن کے تبصروں کا اشارہ اس جانب تھا کہ اس طرح کے اجتماعی قتل کا قصوروار محض فائرنگ کرنے والا شخص ہی نہیں ہے بلکہ سفید فام بالا دستی کے نظریے کو با اثر طور پر پھیلانے والے بھی اس کے اتنے ہی ذمہ دار ہیں۔

بائیڈن نے فائرنگ کی مذمت کی

بفلو میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ ''قوم کی روح'' کو بحال کرنے کے لیے صدارتی انتخاب کی دوڑ میں اس لیے شامل ہوئے تھے کیونکہ ان کے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ نے ورجینیا میں سفید فام بالادستی کے لیے ہونے والی ایک ہولناک ریلی کی واضح طور پر مذمت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

لیکن بائیڈن سفید فام بالا دستی کے گروہوں کے عروج کو روکنے یا بندوق کے تشدد کو روکنے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ ان کی کوشش تھی کہ وہ بندوق پر کنٹرول کے لیے قانون سازی کریں گے تاہم، ریپبلکن قانون سازوں نے بندوق پر قابو پانے کی کوششوں کو اب تک روکے رکھا ہے۔

 ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

میڈیکل کی کتابوں میں صرف سفید فام لوگوں کے ہی خاکے کیوں؟

01:47

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں