1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلاگ واچ: سچن تندولکر، سنچريوں کی سنچری

19 مارچ 2012

سچن تندولکر نے سنچريوں کی سنچری بناتے ہوئے بھارتی شائقين کرکٹ ميں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ تجزيہ کار، بلاگز اور عوام انٹرنيٹ اور سوشل ميڈيا پليٹ فارمز پر کھل کر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہيں۔

تصویر: Fotolia/N-Media-Images

گزشتہ ہفتے ميرپور کے شير بنگلہ اسٹيڈيم ميں بنگلہ ديشی ٹيم کے خلاف کھيلے جانے والے ايشيا کپ کے ايک ميچ ميں سچن تندولکر نے ايک روزہ کرکٹ ميں اپنی اننچاسويں اور مجموعی طور پر 100ويں سنچری مکمل کی۔ تندولکر اب بين الاقوامی ٹيسٹ کرکٹ اور ايک روزہ کرکٹ ميں سب سے زيادہ سنچرياں بنانے والے کھلاڑی ہيں۔ انہوں نے مجموعی طور پر اب ايک سو، ٹيسٹ کرکٹ ميں 51 اور ايک روزہ کرکٹ ميں 49 سنچرياں بنا رکھی ہيں جو کہ ايک عالمی ريکارڈ ہے۔ سچن تندولکر کو يہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ٹيسٹ ميچ کھيلنے والے تمام ممالک کی ٹيموں کے خلاف سنچرياں اسکور کر چکے ہيں۔

گزشتہ سال کھيلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران ننانوے سنچرياں مکمل کرنے کے بعد تندولکر کو اپنی اس اہم سنچری کے ليے تينتيس اننگز کا انتظار کرنا پڑا۔ اس دوران وہ ٹيسٹ کرکٹ اور ايک روزہ کرکٹ ميں متعدد مرتبہ اچھے اسکور بنا پائے ليکن تين ہندسوں تک پہنچنے کے ليے انہيں کافی وقت لگا۔ تندولکر پر دورہ انگلينڈ اور دورہ آسٹريليا ميں خراب کارکردگی کے باعث شديد دباؤ بھی رہا اور ايک موقع پر ملکی اور غير ملکی تجزيہ نگاروں نے ان کے کيريئر کے خاتمے کی بھی باتيں کیں ليکن تندولکر کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔ بلآخر سولہ مارچ کو وہ بنگلہ دیشی شہر ميرپور ميں اس اہم سنگ ميل تک پہنچے اور شائقين کرکٹ کو ايک نيا تحفہ ديا۔

فيس بک ہو يا ٹوئٹر، بلاگ ويب سائٹس ہوں يا ديگر سوشل ميڈيا پليٹ فارمز، ان دنوں سب بات کر رہے ہيں سنچريوں کی سنچری اور پاکستان کے خلاف وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی۔

بھارتی روزنامہ ٹائمز آف انڈيا کے آن لائن ايڈيشن پر شائع ہونے والے اپنے بلاگ ميں سنتوش ديسائی لکھتے ہيں کہ تندولکر نے بھارت ميں کرکٹ کو ايک مذہب يا کسی عقيدت کی مانند بنا ديا تھا۔ ديسائی کے مطابق تندولکر ايک يادگار کھلاڑی اس وجہ سے نہيں ہيں کہ انہوں نے سب سے زيادہ سنچرياں بنا رکھی ہيں، بلکہ ان کی عظمت کی وجہ کرکٹ کے ليے ان کل جذبہ اور جنون ہے۔ ديسائی مزيد لکھتے ہيں، ’سچن تندولکر اس ليے ريٹائرمنٹ کا فيصلہ نہيں سنائيں گے کہ انہوں نے اپنی ايک سو سنچرياں مکمل کر لی ہيں، بلکہ انہوں نے يہ سنچری مکمل کی ہی اس ليے ہے کہ وہ ريٹائر نہ ہوں۔ جب تک حاصل کرنے کے ليے ايک ايک رن باقی ہے، کھيلنے کے ليے ايک اور اننگز اور جيتنے کے ليے ايک اور ميچ باقی ہے، تندولکر کھيلتے رہيں گے‘۔

تندولکر نے ٹيسٹ کرکٹ ميں 51 اور ايک روزہ کرکٹ ميں 49 سنچرياں بنا رکھی ہيںتصویر: AP

ادھر بھارتی مصنف اور کالمنسٹ منہار مرچنٹ نے ٹائمز آف انڈيا کے ہی آن لائن ايڈيشن ميں اپنے بلاگ ميں تندولکر کو اس زمانے کا بريڈمين قرار ديا ہے۔ انہوں نے اپنے بلاگ ميں بھارتی بيٹسمين کا موازنہ آسٹريليا کے ممتاز بلے باز سر ڈان بريڈمين کے ساتھ کيا جنہيں کرکٹ کی تاريخ کا سب سے اعلی کھلاڑی بھی تصور کيا جاتا ہے۔ مرچنٹ کے بقول، ’اگرچہ تندولکر کی حاليہ خراب فارم ان کے خلاف جاتی ہے، کھيل ميں رنز حاصل کرنے کی ان کی بھوک اور ان کی ہنسی کے پيچھے چھپا ان کا عزم انہيں بريڈمين کا قابل ترين جانشين بناتا ہے‘۔

دوسری جانب اتوار کو پاکستان کے خلاف کھيلے جانے والے ميچ ميں 330 رنر کے تعقب ميں وراٹ کوہلی نے 183 رنز کی شاندار اننگز کھيلتے ہوئے اپنی ٹيم کو ايک تاريخی فتح سے ہمکنار کروايا۔ دہلی سے ٹائمز آف انڈيا کے سينيئر ايڈيٹر اويجيت گھوش اپنے بلاگ ميں لکھتے ہيں کہ اس اننگز پر کوہلی کو سلام پيش کرنا چاہيے۔ گھوش لکھتے ہيں، ’کوہلی وہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے پاکستانی بولر سعيد اجمل کی بولنگ کو صحيع انداز ميں پہچانا، ان کی مشہور گيندوں 'دوسرا اور تيسرا‘ کو سمجھا اور اسی حساب سے کھيلا اور يہی وجہ ہے کہ ميچ کا پانسا پلٹا‘۔

کوہلی نے 183 رنز کی اننگز کھيلتے ہوئے اپنی ٹيم کو فتح سے ہمکنار کرواياتصویر: dapd

محض چند ہی دنوں ميں جہاں بھارتی ميڈيا سچن تندولکر کی ريٹائرمنٹ کی باتيں کر رہا تھا، آج اس عظيم کھلاڑی کی تعريفوں کے پل باندھ رہا ہے۔ ايشیا کپ ان دنوں جاری ہے اور فائنل ميں پاکستان اور بھارت کے ممکنہ ميچ کا سوچتے ہی شائقين کرکٹ کے منہ ميں پانی آ جاتا ہے۔ اب ديکھنا يہ ہے کہ فائنل ميں کون سی ٹيم فاتح رہتی ہے اور يقيناٍ انٹرنيٹ پر عوام اس ميچ کے حوالے سے بھی کھل کر اپنے خيالات کا اظہار کرے گی۔

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: کشور مصطفی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں