1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیپاکستان

بلوچستان میں کان کنوں پر حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک

11 اکتوبر 2024

ایک اعلیٰ پولیس اہلکار نے جمعے کو بتایا کہ بلوچستان میں مسلح افراد نے 20 کان کنوں کو ہلاک اور سات دیگر کو زخمی کردیا۔ صوبے کے وزیر اعلی نے دہشت گردوں کے خلاف فوری و مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے۔

دُکی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 20 افراد کو قتل کر دیا
دُکی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 20 افراد کو قتل کر دیاتصویر: Banaras Khan/AFP

پاکستان کے جنوب مغرب میں شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں یہ تازہ ترین حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب چند دنوں بعد ہی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک بڑی سکیورٹی سمٹ منعقد ہونے والی ہے۔

بلوچستان پولیس کے مطابق ضلع ہرنائی کی تحصیل دُکی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 20 افراد کو قتل کر دیا جبکہ سات زخمی ہیں۔ جان سے جانے والے کان کنوں میں پاکستانی شہریوں کے علاوہ افغان بھی شامل ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ، دو چینی شہری ہلاک

بلوچستان: علیحدگی پسندوں نے سات مزدوروں کو ہلاک کر دیا

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دکی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ہمایوں خان نے بتایا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے رات گئے دکی کے علاقے میں کان پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ زیادہ تر مردوں کا تعلق بلوچستان کے پشتون بولنے والے علاقوں سے تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں سے تین اور زخمیوں میں سے چار افغان تھے۔

دکی کے ایک ڈاکٹر جوہر خان شادیزئی نے بتایا کہ اب تک ضلعی ہسپتال میں 20 لاشیں اور 6 زخمی افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔

بعض رپورٹوں کے مطابق حملہ آوروں نے راکٹ فائر کیے اور دستی بم بھی پھینکے۔

پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟

حملے کی فوری طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی، لیکن کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، جو اکثر عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی ہے۔

اس گروپ نے اگست میں متعدد حملے کیے جن میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جب کہ حکام نے جوابی کارروائی میں 21 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا۔

حکام نے سکیورٹی بڑھا دی ہےتصویر: picture alliance / ZUMAPRESS.com

حملے کی مذمت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شدید اظہار برہمی کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف فوری و مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ''دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم کی انتہا کردی۔ دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، عام غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، دہشت گرد بزدل ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا ''دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لیں گے، بے گناہوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔‘‘

کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی پر حملے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہےتصویر: ReutersTV

پہلے بھی حملے ہوتے رہے ہیں

بلوچستان کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر اس سے قبل بھی حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

جنوری 2021 میں بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں 10 افراد کو اس وقت اغوا کرلیا گیا تھا، جب وہ سو رہے تھے، بعد ازاں ان کی شناخت کے بعد انہیں قتل کر دیا گیا۔ اس واقعے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی اور جان سے جانے والوں کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔

یہ صوبہ متعدد علیحدگی پسند گروپوں کی آماجگاہ ہے جو آزادی چاہتے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ اسلام آباد کی وفاقی حکومت تیل اور معدنیات سے مالا مال بلوچستان کا بے دریغ استحصال کررہی ہے جبکہ مقامی لوگوں کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔

پیر کے روز بلوچ لبریشن آرمی نامی ایک گروپ نے کہا کہ اس نے ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کے باہر چینی شہریوں پر حملہ کیا تھا۔ پاکستان میں ہزاروں چینی بیجنگ کے اربوں ڈالر کے بیلٹ اینڈ روڈ پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔

اسلام آباد اگلے ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہےتصویر: picture alliance/Photoshot/P. Xinglei

پاکستانی افواج کی صلاحیت پر سوالات

بی ایل اے کے حملے کے بعد ملک میں ہائی پروفائل ایونٹس یا غیر ملکیوں کی حفاظت کے حوالے سے پاکستانی افواج کی صلاحیت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

اسلام آباد اگلے ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ حکام نے دارالحکومت میں سکیورٹی بڑھا دی ہے اور دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو روکنے کے لیے فوج تعینات کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے اس ہفتے ملک کے چاروں صوبوں کو سکیورٹی کے اضافی اقدامات کے سلسلے میں الرٹ کر دیا تھا۔ کیونکہ اس بات کا خدشہ ہے کہ علیحدگی پسند گروپ اور پاکستانی طالبان عوامی مقامات اور سرکاری تنصیبات پرحملے کر سکتے ہیں۔

ج ا  ص ز ( اے پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں