بل گیٹس بھارتی ٹی وی ڈرامہ سیریل میں؟
24 اکتوبر 2025
بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول ڈراموں میں سے ایک ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کے پروڈیسر بالاجی ٹیلی فلمز نے سوشل میڈیا پر ایک پروموشنل ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو دکھایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کی بل گیٹس اس ڈرامہ سیریل کے دوسرے سیزن میں ایک کیمیو (چھوٹا سا کردار) میں نظر آئیں گے۔
پرومو میں گیٹس اسمرتی ایرانی کے ادا کردہ کردار تلسی وِرانی سے ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ پرومو وائرل ہو چکا ہے، جس میں گیٹس ہندی بولتے ہوئے تلسی کو روایتی انداز میں سلام کرتے ہیں: ’’جے شری کرشنا، تلسی جی۔‘‘
تلسی خوش دلی سے جواب دیتی ہیں: ’’بہت اچھا لگا یہ جان کر کہ آپ امریکہ سے سیدھا ہمارے خاندان سے جڑ رہے ہیں۔ ہم سب بے صبری سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
گیٹس اس پر سادہ الفاظ میں جواب دیتے ہیں: ’’تھینک یو تلسی جی!‘‘
بل گیٹس بھارتی ٹی وی سیریل میں کیوں؟
رپورٹس کے مطابق، بل گیٹس کا کیمیو تین اقساط پر مشتمل ہو گا اور مرکزی موضوع ماں اور نومولود بچوں کی صحت ہو گا۔ کہانی میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا، جو عالمی صحت اور صنفی مساوات کے لیے کام کرنے والی معروف تنظیم ہے۔
یہ حصہ تفریح کے ساتھ تعلیم کو ملا کر خواتین اور بچوں کی صحت کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا مقصد سے پیش کیا جائے گا۔ یہ سابق بھارتی وزیر برائے خواتین و بہبود اطفال اسمرتی ایرانی کی حقیقی زندگی کی کوششوں سے بھی ہم آہنگ ہے۔
اسمرتی ایرانی نے گیٹس کی شمولیت کو بھارتی ٹی وی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
اسمرتی ایرانی نے کہا ’’ہم خوش ہیں کہ بل گیٹس جیسی عالمی شخصیت ہمیں حمایت دے رہے ہیں۔ یہ واقعی حیرت انگیز ہے۔ یہ ایک تاریخی پہلا موقع ہے۔ بل گیٹس کسی بھی میڈیا پلیٹ فارم پر کسی افسانوی سیٹ اپ میں کبھی نہیں آئے۔ مجھے خوش قسمتی رہی ہے کہ میں نے برسوں سے ان اور ان کی فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کیا ہے اور دیکھا ہے کہ وہ ماں اور بچوں کی صحت کے لیے کس طرح کام کرتے ہیں۔‘‘
بل گیٹس اور بھارت
یہ پہلا موقع نہیں جب بل گیٹس بھارت کی تفریحی دنیا میں خبروں میں آئے ہیں۔ گزشتہ سال کے اوائل میں، وہ ناگپور کے انفلوئنسر ڈولی چائے والا کے ساتھ بات کرتے ہوئے وائرل ہوئے، جہاں وہ اس کے روڈ سائیڈ اسٹال پر چائے پیتے دکھائی دیے۔
یہ مختصر کلپ فوراً میمز کا حصہ بن گیا، اور مداحوں نے گیٹس کے مزاح اور سادگی کی تعریف کی۔
بل گیٹس کے ٹی وی ڈرامے میں شرکت کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ مداحوں نے خوشی اور مزاح دونوں کا اظہار کیا ہے۔
ادارت: صلاح الدین زین