بنوں میں خودکش حملہ، تین خواتین اور دو بچے ہلاک
3 اپریل 2026
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں حکام کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری ایک گاڑی کے ذریعے کیے گئے ایک خودکش حملے میں کم از کم تین خواتین اور دو بچے ہلاک ہو گئے۔
یہ حملہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں جمعرات کی رات پیش آیا، جو قبائلی علاقوں سے متصل ایک حساس علاقہ ہے۔
مقامی پولیس اہلکار محمد سجاد خان نے اے ایف پی کو بتایا، ''بظاہر خودکش حملہ آور کا ہدف پولیس اسٹیشن تھا، لیکن عجلت میں وہ وہاں پہنچنے سے پہلے ایک رہائشی مکان سے ٹکرا گیا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ حملے میں تین خواتین اور دو بچے ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر بنوں اکرام اللہ خان نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ماضی میں اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہے اور 2021 میں کابل میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد اس کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسلام آباد بارہا افغانستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ افغان طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔
ادارت: جاوید اختر