1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، اشٹٹ گارٹ کی شکست

5 نومبر 2011

بنڈس لیگا کے بارہویں میچ ڈے کے پہلے دن کھیلے گئے واحد میچ میں مائنز نے اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پندرہویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

مائنز اور اشٹٹ گارٹ کے مابین کھیلے گئے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کی شکست کو ’اپ سیٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ اشٹٹ گارٹ کے پاس ایک اچھا موقع تھا کہ وہ مائنز کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر تک رسائی حاصل کرلیتی تاہم اب اس شکست کے بعد وہ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہی ہے۔

اس میچ میں اشٹٹ گارٹ کو مات دے کر مائنز نے رواں سیزن میں اگست کے بعد پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ مائنز نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنے شائقین کی داد وصول کرتے ہوئے اشٹٹ گارٹ کو کڑا وقت دیا۔ اگرچہ اشٹٹ گارٹ کے اسٹرائیکر کاکاؤ نے میچ کا پہلا گول کیا تاہم مائنز کے انتھونی اُوجا نے یہ برتری صرف تین منٹ تک ہی رہنے دی۔

رواں سیزن میں مائنز نے اگست کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی ہےتصویر: dapd

اس میچ میں مائنز کو ایک متنازعہ پنلٹی اسٹروک بھی ملا۔ میچ کے دوران ریفری کے کچھ متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے میچ کے اختتام پر اشٹٹ گارٹ کے کھلاڑیوں نے احتجاج بھی کیا۔ تاہم کاکاؤ نے کہا کہ اشٹٹ گارٹ کو اس شکست کی ذمہ داری قبول کرنا چاہیے، ’ہم اس لیے نہیں ہارے کہ ریفری نے ہمارے خلاف فیصلے دیے بلکہ ہم اس لیے شکست سے دوچار ہوئے کیونکہ ہم اچھا نہیں کھیلے‘۔

اس وقت ٹیبل پر پہلے نمبر پر 25 پوائنٹس کے ساتھ میونخ کی ٹیم  ہے جبکہ دوسرے نمبر پر شالکے اور تیسرے پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہے۔ دونوں نے بالترتیب اکیس اور بیس پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

بارہویں میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی آج ہفتہ کو مجوعی طور پر چھ میچ کھیلے جائیں گے جبکہ اتوار کو دو۔ ہفتہ کے دن دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور وولفسبرگ کے مابین کھیلا جانے والا میچ اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ رواں سیزن کی نمبر ایک ٹیم میونخ اتوار کو آوگسبرگ کے خلاف اپنا میچ کھیلے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں