بنڈس لیگا: اکتیسواں میچ ڈے شروع
14 اپریل 2012رواں ہفتے کے دوران کھیلے جانے والے دوسرے اور مجموعی طور پر اکتیسویں میچ ڈے کی شروعات ہو گئی ہے۔ پہلے دن صرف ایک میچ شیڈیول کیا گیا تھا۔ اس واحد میچ میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے بریمن شہر کی فٹ بال کلب کو ایک گول کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ وقفے پر اشٹٹ گارٹ کی ٹیم ایک گول کے مقابلے میں دو گول سے جیت رہی تھی۔
اشٹٹ گارٹ کے معروف مِڈ فیلڈر مارٹن ہارنیک (Martin Harnik) نے دو گول کیے۔ بریمن نے پہلے ہاف کے پچیسویں منٹ میں سبقت حاصل کی تھی۔بریمن کلب کے فارورڈ کھلاڑی مارکوس روزنبرگ (Markus Rosenberg) نے گول کیا۔ بارہ منٹ بعد اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کے مِڈ فیلڈر کرسٹیان گیٹنر (Christian Gentner) نے گول کرکے بریمن کی برتری ختم کر ڈالی۔ اس کے بعد میچ پر اشٹٹ گارٹ نے گرفت حاصل کر لی اور بڑے فرق سے میچ کو جیتا۔ پہلے ہاف کے دوران ضائع ہونے والے وقت کو برابر کرنے کے لیے دیے گئے اضافی وقت میں مِڈ فیلڈر مارٹن ہارنیک نے اشٹٹ گارٹ کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
آج ہفتے کے روز اکتیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں مزید چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ ہفتے کے روز ایک اہم میچ پر شائقین کی نگاہیں جمی ہیں۔ یہ میچ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور تیسری پوزیشن کی حامل کلب شالکے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں کامیابی سے ڈورٹمنڈ کلب اپنے اعزاز کے کامیاب دفاع کے مزید قریب پہنچ جائے گا۔ ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد اس وقت 69 ہے۔ دفاعی چیمپئن نے گزشتہ میچ ڈے کے دوران، گیارہ اپریل کو دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم بائرن میونخ کو ایک گول سے شکست دی تھی۔
بائرن میونخ آج مائنز کلب کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ بائرن میونخ کے پوائنٹس کی تعداد 63 ہے۔ شالکے کے پوائنٹس 57 ہیں اور وہ تیسری پوزیشن پر ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلے مقام کی دو ٹیمیں یقینی طور پر تنزلی کا شکار ہو چکی ہیں۔ ان میں کائزرزلاؤٹرن اور برلن کی ہیرتھا کلب شامل ہیں۔ تیسری ٹیم جسے تنزلی کا سامنا ہوسکتا ہے، وہ کولون یا آؤگس برگ میں سے ایک ہو گی۔ دونوں کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔
بنڈس لیگا کا آخری میچ ڈے چھ مئی کو کھیلا جائے گا۔ بنڈس لیگا کے اگلے میچ ڈے کے شروع ہونے سے قبل یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا پہلا مرحلہ کھیلا جائے گا۔ جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ پہلے سیمی فائنل میں سترہ اپریل کو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کا مقابلہ کر ے گا۔ یہ میچ بائرن فٹ بال کلب کے ہوم گراؤنڈ میونخ میں کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ چوبیس اور پچیس تاریخ کو مکمل کیا جائےگا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ برطانوی فٹ بال کلب چیلسی اور دفاعی چیمپئن، ہسپانوی فٹ بال کلب بارسیلونا کے درمیان ہو گا۔ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ انیس مئی کو میونخ میں شیڈیول کیا گیا ہے۔ کل اتوار کو بقیہ دو میچوں کی تکمیل پر بنڈس لیگا کا اکتیسواں میچ ڈے مکمل ہو جائے گا
Ah/ai (AP, Reuters)