1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ کا لیورکوزن سے میچ ڈرا

21 نومبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 13ویں میچ ڈے میں ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ اور لیورکوزن کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

تصویر: AP

بائرن میونخ کے سٹار فٹ بالر باستیان شوائن شٹائیگر نے میچ کے بعد اپنے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ بنڈس لیگا میں اگر ان کی ٹیم لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے ساتھ پوائنٹس کا فرق کم کرنا چاہتی ہے، تو اسے شدید محنت کرنا ہو گی۔ شوائن شٹائیگر نے کہا کہ ان کی ٹیم نے میچ میں اپنی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ لیگ چارٹ پر سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ کے ساتھ بائرن میونخ کا پوائنٹس کا فرق اب 14 تک پہنچ چکا ہے۔

مائنز نے میونشن گلاڈباخ کو شکست دیتصویر: picture alliance/dpa

اس میچ میں بائرن میونخ کی طرف سے کھیل کے پہلے ہاف میں ماریو گومیس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جسے چلی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی مِڈ فیلڈر Arturo Vidal نے برابرکر دیا۔ اس کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم کھیل کو اپنی گرفت میں کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود کامیاب نہ ہو سکی اور میچ برابری کی بنیاد پر ختم ہو گیا۔

اس میچ کے ڈرا ہونے کے بعد اب بائرن میونخ لیگ میں 20 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر ہے، جبکہ لیورکوزن 25 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔

ڈورٹمنڈ لیگ میں پہلی پوزیشن پر ہےتصویر: picture-alliance/GES-Sportfoto

لیگ میں مائنز کی ٹیم نے ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں اپنے مدمقابل میونشن گلاڈباخ کو تین دو سے شکست دے کر ایک مرتبہ پھر لیگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں کائزرزلاؤٹرن نے نیومبرگ کو تین ایک سے شکست دی۔ فرنیکفرٹ کو ہوفن ہائم کے مقابلے میں چار صفر کے واضح فرق سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ہینوور اور نے ہیمبرگ کو تین دو سے ہرایا۔ لیگ کی سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی جبکہ شالکے نے بریمن کو چار صفر سے ہرا دیا۔

اتوار کے روز شٹٹ گارٹ کا مقابلہ کولون سے ہو رہا ہے جبکہ سینٹ پاؤلی کی ٹیم وولفس برگ کے مدمقابل آ رہی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں