بنڈس لیگا: بتیسواں میچ ڈے، بائرن کی ایک اور جیت
27 اپریل 2014مبصرین کے مطابق آج کھیلا جانے والا میچ بائرن کے لیے انتہائی اہم تھا کیونکہ اگلے ہفتے کے دوران بنڈس لیگا کی چیمپیئن ٹیم کو چیمپیئيز لیگ کا سیمی فائنل میچ کھیلنا ہے۔ یہ میچ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے خلاف ہے اور جرمن کلب کو یہ میچ کم از کم صفر کے مقابلے میں دو گول سے بھی جیتنا لازمی ہے۔ یہ میچ آئندہ منگل کو میونخ میں بائرن کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ ریال میڈرڈ سیمی فائنل مرحلے کے پہلے راؤنڈ میں ایک گول سے کامیاب رہی تھی۔ ہفتے کے روز بریمن کی ٹیم کو بائرن نے دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔
بریمن کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بائرن کو دو مرتبہ برتری کا سامنا رہا لیکن اُس نے برتری ختم کرنے کے علاوہ میچ بھی جیتا۔ اس دوران سات منٹوں کے دوران تین گول کرنے سے بریمن ٹیم کے حوصلے پست ہونے لگے۔ فرانس کے فارورڈ کھلاڑی فرانک ریبری کا کھیل خاصا اہم تھا۔ ریبری نے ایک گول کرنے کے علاوہ دو دیگر گول کرنے کی راہ ہموار کی۔ بائرن کی جانب سے بریمن کے سابق کھلاڑی کلاڈیو پیزارو نے دو گول کیے۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل کی دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم ڈورٹمنڈ کو بائرن لیورکوزن کے خلاف میچ دو دو گول سے برابری پر ختم کرنا پڑا۔ یہ میچ لیورکوزن کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے بائر لیورکوزن اپنی سی کوشش میں ہے۔ لیورکوزن اور وولفس برگ کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ لیورکوزن کی ٹیم ایک پوائنٹ کے ساتھ وولفس برگ پر برتری ضرور رکھتی ہے لیکن اگر اگلے کسی بھی میچ میں شکست ہو جاتی ہے تو بائر لیورکوزن کی چیمپیئنز لیگ کھیلنے کی خواہش پر اوس پڑ سکتی ہے۔
ڈورٹمنڈ، بائرن اور شالکے کی ٹیمیں یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ ابھی جرمنی سے ایک اور ٹیم کو کوالیفائی کرنا ہے۔ دوسری جانب اب بنڈس لیگا میں تنزلی کا سامنا کرنے والی ٹیمیں خاصی واضح ہو گئی ہیں۔ ان میں ایک نیورمبرگ اور دوسری آئنٹراخٹ براؤنشوائیگ ہیں۔ ہفتے کے روز یہ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے میچ ہار گئی ہیں۔ تنزلی کا سامنا کرنے والی تیسری ٹیم ہیمبرگ کی ہے لیکن اُس کے پاس بچنے کا چانس موجود ہے۔ اگر براؤنشوائیگ اور نیورمبرگ اگلے دونوں میچ جیت جاتے ہیں تو وہ تنزلی سے بچنے کی مزید کوشش کر سکتے ہیں لیکن یہ خاصا مشکل دکھائی دیتا ہے۔