بنڈس لیگا: تیسرا میچ ڈے
15 ستمبر 2012جرمنی میں فٹ بال کی قومی چیمپئن شپ کے لیے اٹھارہ ٹیموں کے درمیان تیسرے میچ ڈے کی شروعات ہو گئی ہے۔ اس میچ ڈے کے پہلے روز درجہ دوم سے کوالیفائی کرنے والی آؤگسبرگ کی ٹیم اور وولفس برگ کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس طرح آؤگس برگ کی ٹیم کو ایک پوائنٹ حاصل ہو گیا۔ وولفس برگ کے پوائنٹس کی تعداد چار اور لیگ ٹیبل میں اس کی پوزیشن نوویں ہے۔ آؤگسبرگ کو پندرہویں پوزیشن حاصل ہے۔
آؤگسبرگ اور وولفس برگ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پیش کیا۔ جارحانہ مواقع کم رہے۔ میچ کی رفتار بھی بہت تیز نہیں تھی۔ ریفری کو صرف تین زرد کارڈ دکھانے پڑے۔ ان میں ایک کارڈ آؤگسبرگ کی ٹیم کے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی گبریل سانکوح کو دکھایا گیا۔ بعد میں میچ کے دوسرے حصے میں وولفس برگ کے دو کھلاڑیوں کو فاؤل کھیلنے پر زرد کارڈ دکھایا گیا۔ ان میں سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے ریکارڈو روڈرگ اور کروشیا کے ایوچا اولچ شامل ہیں۔
اس وقت لیگ ٹیبل میں تین ٹیمیں ایسی ہیں جن کے پاس کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔ ان میں ہیمبرگ کے علاوہ ہوفن ہائیم اور اشٹٹ گارٹ ہیں۔ بنڈس لیگا کے قوانین کے تحت، چیمپئن شپ کے اختتام پر سولہویں، سترہویں اور اٹھارہویں مقام کی ٹیموں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کو درجہ دوم میں بیج دیا جاتا ہے اور بنڈس لیگا کے درجہ دوم کی ٹاپ تین ٹیمیں قومی چیمپئن شپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر تی ہیں۔ ابھی بنڈس لیگا کے بہت سارے میچ باقی ہیں اور موجودہ پوزیشنوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے سلسلے میں آج چھ میچ شیڈیول ہیں۔ کل اتوار کے روز بقیہ دو میچ کھیلے جائیں گے۔ آج کے میچوں میں دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن کے درمیان میچ خاصا دلچسپ ہو سکتا ہے۔ لیور کوزن کی ٹیم خاصی مناسب اور متوازن خیال کی جاتی ہے۔ موجودہ لیگ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ کو مائنز کی ٹیم کا سامنا ہے۔ اس میچ میں بائرن میونخ کی ٹیم کو کامیابی حاصل ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ دوسرے پر فرینکفرٹ آئنٹراخٹ ہے۔ اس کے بھی چھ پوائنٹس ہیں لیکن بہتر گول اوسط کی بنیاد پر میونخ کو پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ تیسرے مقام پر ہینوور اور چوتھے پر شالکے کی ٹیم ہے۔ پانچویں پوزیشن سیکنڈ لیول سے کوالیفائی کرنے والی فورٹونا ڈسلڈورف کے پاس ہے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اس وقت چھٹے مقام پر ہے۔
(ah/is (AP