بنڈس لیگا: دوسرا میچ ڈے مکمل
30 اگست 2010اتوار کے میچوں میں نتائج کو اپ سیٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ سال بہترین کارکردگی دکھانے والی لیورکزن کی ٹیم کو مؤنشن گلاڈ باخ کے خلاف میچ میں آدھے درجن گولوں کا سامنا کرنا پڑا۔ لیور کوزن نے تین گول کر کے ایک بڑی شکست کے فرق کو کم کردیا۔ اسی طرح شٹٹ گارٹ کی مضبوط ٹیم بھی ڈارٹمنڈ سے ہار گئی۔ ششٹ گارٹ کی جانب سے صرف ایک گول کیا گیا اور ڈارٹ منڈ نے تین گول کئے۔ اتوار کے میچوں سے پوائنٹس ٹیبل کی پہلی تین پوزیشنوں میں کوئی فرق پیدا نہیں ہوا۔
بنڈس لیگا کے دوسرے میچ ڈے کی شروعات گزشتہ روز جمعہ سے ہو چکی ہیں۔ ایک میچ کھیلا گیا تھا اور اس میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم کو درجہ دوم سے کوالیفائی کر کے قومی چیمپیئن شپ کھیلنے والی ٹیم کائزر زلاوٹرن سے دو گولوں سے ہارنا پڑا۔ میونخ کی ٹیم نے پہلے میچ ڈے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ گزشتہ سال کی چیمپیئن ٹیم بائرن میونخ کا زوردار مقابلہ کرنے والی فٹ بال کلب شالکے کو مسلسل دوسرے میچ ڈے میں بھی شکست کا سامنا رہا۔ ہفتہ کے روز شا لکے کا مقابلہ ہے نوور سے تھا اور اس میچ میں شالکے کی ٹیم ایک گول سے ہار گئی۔ دوسرے میچ ڈے کے اختتام پر ابھی تک بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر شالکے کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔
ہفتہ کے روز کل چھ میچ شیڈیول تھے۔ بریمن کی ٹیم نے کولون کے فٹ بال کلب کو دو گول کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ 2008 کی چیمپیئن ٹیم وولفس برگ کو بھی مائنز کلب کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی۔ وولفس برگ کی ٹیم نے تین گول کئے لیکن مائنز نے چار گول کر کے فتح حاصل کی۔ فرینکفرٹ کی ٹیم کو ہیمبرگ کی مضبوط ٹیم کا سامنا تھا۔ فرینکفرٹ کی ٹیم کو میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہارنا پڑا۔ فرائی برگ کی ٹیم نے نیورمبرگ کلب کو مجموعی طور پر ایک گول سے ہرایا۔ بنڈس لیگا کے دوسرے لیول سے کوالیفائی کرنے والی ایک اور ٹیم سینٹ پاؤلی نام کی ہے۔ اس نے اپنا پہلا میچ جیت کر شاندا آغاز کیا تھا۔ دوسرے میچ ڈے میں بھی اس کا کھیل بہتر تھا لیکن ہوفن ہائیم کی ٹیم سے اسے صرف ایک گول سے ہارنا پڑا۔
آج اتوار کو دوسرے میچ ڈے کے مزید دو میچ شیڈیول ہیں۔ ایک میچ مؤنشن گلاڈ باخ اور لیورکوزن کے کلبوں کے درمیان ہو گا اور دوسرا شٹٹ گارٹ اور ڈراٹمنڈ کی ٹیمیں کھیلیں گی۔
ہر میچ ڈے میں کل نو میچ شیڈیول ہیں اور اٹھارہ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ ہوفن ہايیم کی ٹیم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن پر ہے۔ دوسرے مقام پر کوالیفائی کرنے والی ٹیم کائزرزلاوٹرن ہے اور تیسری پوزیشن پر مائيز کی ٹیم ہے۔ ابھی یہ ابتدا ہے اور اگلے میچ ڈے میں پوائنٹس ٹیبل کی صورت حال یقینی طور پر تبدیل ہوتی جائے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ