بنڈس لیگا: دوسرا میچ ڈے
2 ستمبر 2012اس کی توقع کی جا رہی تھی کہ ڈورٹمنڈ دوسرے میچ ڈے میں نیورمبرگ کے خلاف اپنا میچ جیت جائے گی لیکن نیورمبرگ کی ٹیم نے سب اندازے غلط ثابت کر دیے اور ڈورٹمنڈ کو میچ جیتنے سے محروم رکھا۔ اس طرح میچ برابر رہنے کی صورت میں دفاعی چیمپئن کو دو قیمتی پوائنٹس کا نقصان ہوا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر سکیں۔ پہلے ہاف کے اکتیسویں منٹ میں نیورمبرگ کو برتری حاصل ہوئی۔ یہ گول چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی ٹوماس پیک ہارٹ (TOMAS PEKHART) نے کیا۔ نیورمبرگ کی ٹیم نے اس گول کا اگلے 55 منٹ تک مضبوطی سے دفاع کیا۔ بڑی مشکل سے ڈورٹمنڈ کے پولستانی مِڈ فیلڈر ژاقوب بلاسشیکووسکی (JAKUB BLASZCZYKOWSKI) نے گول کر کے میچ کو برابر کیا۔ آج اتوار کے روز کھیلے جانے والے دو میچوں کے بعد ڈورٹمنڈ کی پوزیشن مزید نیچے جا سکتی ہے۔
بنڈس لیگا میں ہفتے کے روز سب سے دلچسپ میچ دوسرے لیول سے ترقی پا کر قومی چیمپئن شپ کھیلنے والی ٹیم آئنٹراخٹ فرینکفرٹ اور ہوفن ہائم کے درمیان کھیلا گیا۔ فرینکفرٹ کی ٹیم نے ہوفن ہائم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر ایک طرح کا اپ سیٹ کر دیا۔ اس شکست کے بعد ہوفن ہائم کی ٹیم بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ آئنٹراخٹ کی ٹیم نے اس بڑی کامیابی سے لیگ ٹیبل پر پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ یہ یقینی طور پر ایک حیران کن پوزیشن ہے۔ دونوں میچ ڈے کے دوران شیڈیول دونوں میچ جیت کر اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔
دوسرے لیول سے ترقی حاصل کرنے والی فورٹونا ڈسلڈورف نے اپنا میچ موئنشن گلاڈباخ کے خلاف برابر کھیلا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ اس طرح اب اس کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ دوسرے لیول سے قومی سطح پر پہنچنے والی ایک اور ٹیم گروئتھر فُوئرتھ کی ہے۔ یہ ٹیم پہلے میچ ڈے میں میچ ہار گئی تھی لیکن دوسرے میچ ڈے میں اس نے مائنز کلب کو ایک گول سے ہرا کر صحیح معنوں میں اپ سیٹ کیا تھا۔ اس طرح اب تک سیکنڈ لیول سے ٹاپ لیول میں پہنچنے والی تینوں ٹیموں کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ ہفتے کے روز شالکے، لیور کوزن اور ویردر بریمن کی ٹیمیں بھی اپنے اپنے میچ جیت گئی تھیں۔
آج بائرن میونخ کی ٹیم کا میچ شٹٹ گارٹ کے ساتھ ہے۔ ان دنوں شٹٹ گارٹ کی ٹیم خراب حالوں میں ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ بائرن میونخ کی ٹیم کو جیتنے میں بڑی مشکل کا سامنا نہیں ہو گا۔ اس میچ میں بائرن میونخ کی ٹیم کم از کم تین گول کی برتری سے کامیابی کے بعد ہی وہ لیگ ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو سکے گی۔ اتوار کے روز دوسرا میچ وولفس برگ اور ہینوور کے درمیان کھیلا جائے گا۔
(ah/sks (dpa