1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: سولہواں میچ ڈے شروع

8 دسمبر 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے سولہویں میچ ڈے کا آغاز ہو گیا ہے۔ جرمن بنڈس لیگا کے کل 34 میچ ڈیز ہوتے ہیں۔ سترہ میچ ڈیز کی تکمیل پر موسم خزاں ، کرسمس اور نئے سال کا وقفہ کیا جاتا ہے۔ اس طرح وقفے سے قبل ایک اور میچ ڈے رہ گیا ہے۔

تصویر: Getty Images

سولہواں میچ ڈے شروع تو ہو گیا لیکن ہوفن ہائم کلب کے لیے کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ اس بار بھی ماضی کے اس مشہور کلب کو ہیمبرگ سے صفر دو سے شکست کا سامنا رہا۔ ہوفن ہائم کی یہ مسلسل پانچویں شکست ہے۔ پہلے ہی یہ ٹیم بنڈس لیگا کے انتہائی نچلے مقام پر موجود ہے اور اس نئی شکست نے اس کے لیے بنڈس لیگا کے درجہ اول کی لیگ میں جگہ بنانا مشکل کر دیا ہے۔ اب تک کھیلے گئے سولہ میچوں میں ہوفن ہائم کے خلاف 38 گول ہو چکے ہیں۔

سولہویں میچ ڈے میں ہوفن ہائم کو مسلسل پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑاتصویر: picture-alliance/dpa

ابھی مزید اٹھارہ میچ ڈیز باقی ہیں اور ہوفن ہائم کی ٹیم ہمت کرے تو مزید مشکلات سے بچ سکتی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ہوفن ہائم کی پوزیشن سولہویں ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد بارہ ہے۔ یہ پوائنٹس اس نے سولہ میچ کھیل کر حاصل کیے ہیں۔ ان سولہ میچوں میں ہوفن ہائم کو دس بار شکست کھانا پڑی، تین میچ برابر رہے جبکہ یہ تین ہی جیتنے میں کامیاب رہی۔

ہوفن ہائم کلب کی انتظامیہ نے ٹیم کی قسمت بدلنے کے لیے کوچ مارکوس بابل (Markus Babbel) کو فارغ کرتے ہوئے ایک نئے کوچ فرینک کرامر (Frank Kramer) کو یہ ذمہ داری عبوری طور پر سونپ دی ہے۔کوچ ضرور بدلا گیا ہے لیکن ہوفن ہائم پر ابھی تک قسمت کی دیوی مہربان نہیں ہوئی ہے۔ کوچ بابل کو پیر کے روز ہوفن ہائم کلب سے فارغ کیا گیا تھا۔ وہ گزشتہ نو ماہ سے کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

ہوفن ہائم کلب کو اس وققت تنزلی کا بھی خطرہ ہےتصویر: picture-alliance/dpa

جمعے کے روز ہوفن ہائم کا سامنا ہیمبرگ کی ٹیم سے تھا۔ اس میں ہوفن ہائیم کی ٹیم کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی۔ جواباً ہیمبرگ کی ٹیم دو گول کر کے میچ میں فتح مند رہی۔ دونوں گول براعظم یورپ کے بالٹک خطے کے ملک لَٹوِیا سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی Artjoms Rudnevs نے کیے۔ پہلا گول میچ کے 27 ویں منٹ میں ہوا اور دوسرا 74 ویں منٹ میں کیا گیا۔

آج بروز ہفتہ بنڈس لیگا کے سولہویں میچ ڈے کے دوسرے دن چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ دو میچ کل اتوار کے روز شیڈیول ہیں۔ ان میچوں میں دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کا میچ وولفس برگ سے ہو گا جبکہ لیگ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم بائرن میونخ کو آؤگس بُرگ کے خلاف نبرد آزما ہونا ہے۔

بنڈس لیگا کے پہلے حصے کا آخری میچ ڈے آئندہ اتوار یعنی چودہ دسمبر سے شروع ہو گا۔ پہلے حصے کی چیمپئن کو موسم خزاں کی چیمپئن قرار دیا جاتا ہے اور یہ اعزاز ایک طرح سے بائرن میونخ کو حاصل ہو چکا ہے کیونکہ اگلے اتوار تک کوئی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اِسے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

(ah / ab (Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں