بنڈس لیگا: سہرفہرست ٹیموں کی ناکامی
2 اکتوبر 2011بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ٹیم بائرن میونخ کا مقابلہ ہوفن ہائیم سے ہوا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور یوں مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا۔ اس نتیجے سے دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹس ہی حاصل کر سکیں۔
تیسرے نمبر کی ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کا مقابلہ فرائی برگ سے ہوا۔ مؤنشن گلاڈ باخ کو اس میچ میں ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ان نتائج سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ سرفہرست تین پوزیشنوں میں اس ہفتے تبدیلی نہیں آئے گی۔ ہفتے کے دیگر مقابلوں میں ڈورٹمنڈ نے آؤگسبرگ کو چار صفر سے ہرایا ہے۔ لیورکوزن نے وولفس برگ کو تین ایک سے مات دی ہے۔ نیوریمبرگ اور مائنز کا میچ تین تین گول سے برابر رہا ہے۔ ہیرتھا برلن نے کولون کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے پچھاڑا ہے۔
قبل ازیں جمعے کو اس میچ ڈے کے پہلے روز شٹٹ گارٹ نے کائزرلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز ہینوور کا سامنا بریمن سے جبکہ ہیمبرگ کا سامنا شالکے سے ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ بدستور سرفہرست ہے اور اس ہفتے اس کے پوائنٹس اٹھارہ سے بڑھ کر انیس ہو گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر سولہ پوائنٹس کے ساتھ بریمن جبکہ تیسرے پر سولہ ہی پوائنٹس کے ساتھ مؤنشن گلاڈ باخ ہے۔
چوتھے، پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، شٹٹ گارٹ، ہوفن ہائیم اور لیور کوزن ہے۔ اس سب کے پوائنٹس تیرہ تیرہ ہیں۔
آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر بارہ بارہ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب شالکے، ہیرتھا برلن اور ہینوور ہیں۔ اس مرتبہ ہوفن ہائیم چوتھے نمبر سے چھٹے پر چلی گئی ہے۔ شالکے پانچویں نمبر سے آٹھویں پر پہنچ گئی ہے جبکہ ہینوور چھٹے نمبر سے دسویں پر کھڑی ہے۔
ڈورٹمنڈ کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے، یہ آٹھویں نمبر سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ شٹٹ گارٹ ساتویں سے پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عدنان اسحاق