1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں لیورکوزن کا تیز ترین گول

ندیم گِل14 اپریل 2014

بائر لیور کوزن نے بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا تیز ترین گول کرتے ہوئے ہیرتھا برلن کو شکست دے دی ہے۔ لیورکوزن کو یہ کامیابی جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے تیسویں میچ ڈے کے آخری روز ملی۔

تصویر: /Getty Images

لیور کوزن نے ہیرتھا برلن کو اس میچ میں ایک کے مقابلےمیں دو گول سے شکست دی۔ اس جیت کے نتیجے میں لیور کوزن کو بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بھی ترقی ملی ہے اور یہ پانچویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

لیورکوزن کے اشٹیفان کیسلنگ نے میچ شروع ہونے کے چالیس سیکنڈ میں ہی پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو زبردست آغاز فراہم کیا۔ یہ اس سیزن میں ان کا پندرہواں گول تھا۔ اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری میچ میں ہوفن ہائیم نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے آؤگس برگ کو مات دی۔

ہفتے کو تیسویں میچ ڈے کے چھ مقابلے ہوئے۔ ان میں ہینوور نے ہیمبرگ کو دو ایک سے مات دی۔ فرائی برگ نے براؤن شوائیگ کو دو صفر سے پچھاڑا۔ مؤنشن گلاڈ باخ اور اشٹٹ گارٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ مائنز نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

اسی روز وولفس برگ نے نیورمبرگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی جبکہ ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کو تین صفر سے شکست دی۔

ہوفن ہائیم نے آؤگس برگ کو مات دیتصویر: picture alliance/dpa

اس میچ ڈے کا پہلا میچ جمعے کو شالکے اور آئنتراخت فرینکفرٹ کے درمیان ہوا تھا۔ شالکے نے یہ میچ دو صفر سے جیت لیا تھا۔ تیسویں میچ ڈے کے اختتام پر بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر تین تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ان کے نتیجے میں دوٹیموں نے ترقی پائی ہے جبکہ ایک ٹیم اپنی گزشتہ ہفتے کی پوزیشن سے نیچے چلی گئی ہے۔

لیور کوزن اور وولفس برگ نے اس میچ ڈے میں اپنی اپنی جیت کا خوب فائدہ اٹھایا اور اب یہ ٹیمیں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ کو اشٹٹ گارٹ کے خلاف میچ برابر کرنے کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا اور اس نے اپنی گزشتے ہفتے کی پوزیشن کھو دی۔ اب یہ ٹیم چھٹے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ بدستور سرفہرست ہے۔ اس میچ ڈے میں دوسرے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کے ہاتھوں شکست بھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکی۔ تیسرے نمبر پر شالکے ہے۔

مائنز، آؤگس برگ، ہوفن ہائیم، برلن اور فرینکفرٹ بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر ہے۔ بریمن، ہینوور اور فرائی برگ بالترتیب بارہویں، تیرہویں اور چودھویں نمبر پر ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں