بنڈس لیگا میں ڈورٹمنڈ کی پوزیشن مزید مستحکم
13 دسمبر 2010بنڈس لیگا کے 16ویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو فرائی برگ کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے ہوا۔ فرائی برگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو یہ میچ تین صفر سے ہرایا، جو پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے اور اس کے پوائنٹس دس ہیں۔ اتوار ہی کو کھیلے گئے اس ہفتے کے آخری میچ میں شالکے نے مائنز کو صفر ایک سے مات دی، جس سے پوائنٹس ٹیبل پر شالکے کی پوزیشن بہتر ہو گئی ہے۔
ڈورٹمنڈ نے ہفتہ کو بریمن کے خلاف میچ میں دو گول کئے تھے جبکہ بریمن کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ اس میچ میں فتح سے لیگ کے ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 43 ہو گئے، یعنی نمبروَن کی پوزیشن پر اس ٹیم کی گرفت مضبوط تر ہو گئی ہے۔ ڈورٹمنڈ نے رواں سیزن میں 16میچ کھیلے ہیں، جن میں سے 14میں اسے فتح حاصل ہوئی ہے۔
بنڈس لیگا کے ٹیبل پر دوسرا نمبر لیورکوزن کو مل گیا ہے، جس کے پوائنٹس 32 ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے یہ پوزیشن مائنز کو حاصل تھی، جو ایک پوائنٹ کے فرق سے لیورکوزن سے ایک قدم آگے تھی۔
بنڈس لیگا کے 16ویں میچ ڈے کے دیگر مقابلوں میں بائرن میونخ نے سینٹ پاؤلی کو تین صفر سے ہرایا۔ اس میچ کے بعد بائرن کے کھلاڑی باستیان شوائن شٹائیگر نے اعلان کیا کہ وہ اس ٹیم کے ساتھ 2016ء تک وابستہ رہیں گے۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر ہینوور کی پوزیشن بھی بہتر ہوئی ہے، جو چوتھے نمبر سے تیسرے پر آگئی ہے اور اس کے پوائنٹس 31 ہو گئے۔ یعنی آئندہ میچ ڈے میں دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن کو اس سے خطرہ رہے گا۔ مائنز اس مرتبہ دوسرے نمبر سے نیچے یعنی چوتھی پوزیشن پر گر گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 30 ہیں۔
پانچویں نمبر پر 27 پوائنٹس کے ساتھ فرائی برگ برقرار ہے۔ بائرن میونخ 26 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر، ہوفن ہائیم 24 کے ساتھ ساتویں اور فرینکفرٹ 23 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ ان میں سے بائرن میونخ نے اس مرتبہ ہوفن ہائیم کی جگہ لی ہے، جو ایک قدم پیچھے چلی گئی ہے۔ نویں نمبر پر 21 پوائنٹس کے ساتھ ہیمبرگ ہے جبکہ شالکے کو دسواں نمبر حاصل ہے اور اس کے پوائنٹس 19ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ