بنڈس لیگا: نیورمبیرگ کے کوچ برطرف
21 دسمبر 2009نیورمبیرگ کلب کے صدر فرانس شیفر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی بحث اور جائزوں کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ شیفر کے مطابق یہ فیصلہ کلب کے لئے خاصا تکلیف دہ تھا۔ ’’ہم اپنے کوچ کی تبدیلی نہیں چاہتے تھے اور ہم واقعی چاہتے تھے کہ ٹیم اؤننگ کی زیرنگرانی بنڈس لیگا میں آگے بڑھے۔‘‘
میشائیل اؤننگ اگست 2008ء سے اس ٹیم کے کوچ کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ چار میچوں میں نیورمبیرگ کی ٹیم کسی میچ میں کوئی گول نہ کر سکی اور چاروں میچ ہار گئی تھی۔ اتوار کے روز کولون سے میچ ہارنے کے بعد نیورمبیرگ کی ٹیم اس وقت تمام تر کوششوں کے باوجود فہرست میں سب سے نیچے ٹیموں میں سے دوسرے نمبر پر ہے۔
موجودہ سیزن میں نیورمبیرگ نے اب تک 17 میچ کھیلے ہیں اور اس کے پوائنٹس کی تعداد صرف 12 ہے۔ فی الحال یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ اس ٹیم کے نئے کوچ کون ہوں گے۔ تاہم چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ غالبا ہنوور کی ٹیم کے ایک سابقہ کوچ ڈیٹر ہیکِنگ یا مارسیل کوئلر کو ممکنہ طور پر نیورمبیرگ کا نیا کوچ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: مقبول ملک