1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: چوتھا میچ ڈے مکمل

20 ستمبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ کا آج کل چوتھا میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ اب تک کھیلے گئے میچوں میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ اور شالکے کی ٹیمیں بدستور اپنی سابقہ فارم کی تلاش میں ہے۔

چوتھے میچ ڈے کا ایک میچتصویر: dapd

بنڈس لیگا میں چوتھے میچ ڈے کی تکمیل کے بعد مائنز کلب بدستور پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس میچ ڈے کی شروعات جمعہ سے ہوئی تھیں۔ اس مناسبت سے مزید تین میچ اتوار کو کھیلے گئے۔ ان میں سینٹ پاؤلی کی ٹیم اور ہیمبرگ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ایک پوائنٹ کے ساتھ ہیمبرگ کی ٹیم پانچویں مقام پر ہے۔ سینٹ پاؤلی کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر ہے۔ سینٹ پاؤلی کی ٹیم درجہ دوم سے کوالیفائی کرکے بنڈس لیگا کے ٹاپ لیول میں کھیل رہی ہے۔ اسی طرح لیور کوزن اور نیورمبرگ کا میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ جمعہ کو ایک میچ کھیلا گیا تھا اور اس میں فرائی برگ کی ٹیم نے فرینکفرٹ کے کلب کو ایک گول سے شکست دی تھی۔

ہفتہ کے روز کھیلے جانے والے پانچ میچوں میں شٹٹ گارٹ اور موئنشن گلاڈباخ کا میچ اس مناسبت سے اہم ہے کہ اس میں فاتح ٹیم شٹٹ گارٹ نے موئنشن گلاڈباخ کی ٹیم کو آدھے درجن سے زائد گولوں سے ہرایا۔ وقفے پر موئنشن گلاڈباخ کی ٹیم دو گولوں سے ہار رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں شٹٹ گارٹ کی جانب سے مزید پانچ گول کئے گئے۔ اس میچ سے قبل گزشتہ تین میچ ڈیز میں شٹٹ گارٹ کی ٹیم ایک بھی پوائنٹ نہیں رکھتی تھی۔ بریمن کی ٹیم کو مائنز کلب کے ہاتھوں دو گولوں سے ہارنا پڑا۔ اس میچ کو جیت کر مائنز کلب نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی تھی۔

بریمن اور مائنز کلبوں کے میچ کا منظرتصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ ہفتے پہلی پوزیشن پر ہوفن ہائیم کی ٹیم تھی۔ ہوفن ہائیم کلب اور کائزرز لاؤٹرن کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ایک پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔ اتوار کو بعض ٹییموں کے میچ برابر رکھنے سے پوائنٹس ٹیبل پر خاصا ردوبدل پیدا ہوا ہے۔ چوتھے مقام والی کائزرز لاؤٹرن اب چھٹی پوزیشن پر ہے۔ ڈارٹمنڈ کلب نے شالکے کو ہرا کر تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ چوتھی پوزیشن پر فرائی برگ کی ٹیم ہے۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ بدستور اپنی سابقہ فارم کی تلاش میں ہے۔ اس کلب نے کولون کی ٹیم کے ساتھ میچ برابری پر ختم کیا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ چوتھے میچ ڈے کی تکمیل کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر میونخ کا مقام نواں اور پوائنس پانچ ہیں۔ کولون کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ بارہویں مقام پر ہے۔

گزشتہ کچھ سالوں میں شالکے ٹیم کی کارکردگی خاصی متاثر کن تھی لیکن اس سیزن میں وہ مسلسل غیر تسلی بخش کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ شالکے کو ابھی تک چار میچ ڈیز میں کوئی بھی پوائنٹ حاصل نہیں ہوا ہے۔ اتوار کو اس کا میچ ڈارٹمنڈ سے تھا اور وہ اس میں بھی شکست سے دوچار ہوئی۔ اس طرح وہ بغیر کسی پوائنٹ کے پوائنٹس ٹیبل کے سب سے نچلے مقام پر ہے۔

بنڈس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر نچلی تین پوزیشنوں کی حامل ٹیمیں چیمپیئن شپ کے اختتام پر درجہ دوم میں دھکیل دی جاتی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شالکے کلب ٹیم امکانی طور پر تنزلی سے بچ جائے گی کیونکہ ابھی بنڈس لیگا کے مزید تیس میچ ڈے باقی ہیں۔ اگلے میچوں میں بہتر پلاننگ سے شالکے اپنی پوزیشن بہتر کر سکتی ہے۔ شالکے کلب کے کوچ میگاتھ فیلکس یقینی طور پر شدید پریشانی سے دوچار ہوں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں