1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا چیمپئن شپ کا تاج، پھر سے ڈورٹمنڈ کے سر

22 اپریل 2012

جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کا ٹائٹل سیزن کے اختتام سے پہلے ہی جیت لیا ہے۔ اس نے ہفتے کو مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست دیتے ہوئے اس کامیابی پر مہر ثبت کی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے بتیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز ڈورٹمنڈ کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے ہوا۔ ڈورٹمنڈ نے یہ میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا اور یوں ایسے وقت پر چیمپئن شپ کا ٹائٹل پھر سے اپنے نام کر لیا، جب رواں سیزن کے دو میچ ڈے ابھی باقی ہیں۔

دفاعی چیمپئن ہونے کے باوجود ڈورٹمنڈ کے لیے رواں سیزن کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا تھا۔ اس کے باوجود وہ ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب رہی ہے۔

مؤنشن گلاڈ باخ کے خلاف میچ کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یوئرگین کلوپ نے کہا: ’’میرے پاس اس بات کی وضاحت کے لیے الفاظ نہیں کہ لڑکوں نے کیا کر دکھایا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ میچ جیتنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ڈورٹمنڈ کو اس وقت دوسرے نمبر کی ٹیم بائرن میونخ پر آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ چھٹے میچ ڈے تک ڈورٹمنڈ میونخ سے اتنے ہی پوائنٹ پیچھے تھی۔

ڈورٹمنڈ کے چیف ایگزیکٹو ہانس یواخِم واٹسکے نے کہا: ’’مجھے خوشی ہے کہ بائرن بریمن میں جیت گئی۔ بصورتِ دیگر ہم اس کامیابی سے اس قدر لطف اندوز نہ ہو پاتے۔ یہ دِن بہترین رہا۔‘‘

ڈورٹمنڈ کی کامیابی پر شائقین کا جوشتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کی تاریخ میں ابھی تک دو ہی ٹیمیں مسلسل دو مرتبہ چیمپئن بنی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز بائرن میونخ نے سولہ برس قبل حاصل کیا تھا۔

ہفتے کے دیگر مقابلوں میں نیوریمبرگ اور ہیمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ کائزرزلاؤٹرن نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے مات دی۔ کولون اور شٹٹ گارٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ لیورکوزن نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ بائرن میونخ نے بریمن کو دو ایک سے پچھاڑا۔

قبل ازیں جمعے کو بتیسویں میچ ڈے کا پہلا میچ وولفس برگ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز حسبِ معمول دو مقابلے ہوں گے۔ آؤگس برگ شالکے کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ ہینوور کا سامنا فرائی برگ سے ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل:

اس وقت پوائنٹس ٹیبل کی پہلی دس پوزیشنوں پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، شالکے، مؤنشن گلاڈ باخ، شٹٹ گارٹ، لیور کوزن، ہینوور، بریمن، ہوفن ہائیم اور وولفس برگ ہیں۔

ng/ia (AP, dpa)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں