بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ بدستور ناقابلِ شکست
26 مارچ 2012دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم گزشتہ مسلسل اکیس میچز سے ناقابلِ شکست چلی آ رہی ہے۔ کولون کے خلاف اتوار کے میچ میں جیت کے ذریعے اس نے پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست پوزیشن پر پانچ پوائنٹس کی سبقت بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
ڈورٹمنڈ کی جانب سے کاگاوا نے دو گول کیے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے مزید دو گول کرنے کا راستہ بھی ہموار کیا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے کولون کے کھلاڑیوں کے حوصلے چکنا چُور کر دیے، جن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نیچے آتے ہوئے چوہودیں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور یوں بنڈس لیگا وَن سے اخراج سے محض ایک پوائنٹ اُوپر ہے۔
بعدازاں کولون کے کوچ Stale Solbakken نے کہا: ’’ہم ہوش کھو بیٹھے تھے۔ میں اس کی وضاحت نہیں کر سکتا۔‘‘
قبل زیں ہفتے کے ایک میچ میں بائرن میونخ نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر سرفہرست پوزیشن کے درمیان فرق کم کر دیا تھا۔
اتوار کو ہی ایک میچ میں شٹٹ گارٹ نے نیوریمبرگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ اس میچ ڈے کا آغاز حسبِ معمول جمعے کو ہوا۔ اس روز کھیلے گئے واحد میچ میں وولفس برگ نے ہیمبرگ کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
ہفتے کے دیگر مقابلوں میں بریمن اور آؤگسبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ہیرتھا برلن نے مائنز کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے پچھاڑا۔ فرائی برگ نے کائزرزلاؤٹرن کو دو صفر سے مات دی۔ ہوفن ہائیم نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ شالکے نے لیور کوزن کو دو صفر سے ہرایا۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دس پوزیشنوں پر بالترتیب ڈورٹمنڈ، بائرن میونخ، شالکے، مؤنشن گلاڈ باخ، لیور کوزن، بریمن، شٹٹ گارٹ، ہینوور، وولفس برگ اور ہوفن ہائیم ہیں۔
اس ہفتے شالکے کی ٹیم تیسری پوزیشن پر ترقی پا گئی ہے۔ شٹٹ گارٹ ساتویں، ہوفن ہائیم دسویں اور فرائی برگ تیرھویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ اس کے برعکس مؤنشن گلاڈ باخ چوتھی پوزیشن پر لڑھک گئی ہے۔ ہینوور بھی آٹھویں نمبر پر جا گری ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: افسر اعوان