بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ کی پہلی پوزیشن قائم
4 مارچ 2012بنڈس لیگا کے چوبیسویں میچ ڈے میں معروف کلب بائرن میونخ کی شکست کو کسی حد تک اپ سیٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ ریکارڈ ساز بائرن کلب کی یہ مسلسل چھٹی شکست تھی۔ اب ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے پوائنٹس کے درمیان سات پوائنٹس کا فرق پیدا ہو گیا ہے۔ ہفتے کے روز بائرن میونخ کو لیور کوزن کے ہاتھوں دو گول سے ہارنا پڑا۔ لیور کوزن نے دونوں گول دوسرے ہاف میں کیے۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ لیور کوزن کی جانب سے پہلا گول 79 ویں منٹ میں اشٹیفن کیسلنگ نے کیا۔ دوسرا گول میچ کے اختتامی لمحات میں نوجوان فارورڈ کریم بیلاربی نے کیا۔
ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں ڈورٹمنڈ نے مائنز کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کر لی تھی لیکن دوسرے ہاف میں مائنز نے یہ گول برابر کردیا۔ تین منٹ کے بعد دفاعی چیمپئن نے مزید ایک گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ اس طرح ڈورٹمنڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید استحکام دے دیا ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں برلن کے کلب ہیرتھا نے بریمن کو ایک گول سے شکست دی۔ ہیمبرگ کی ٹیم کو اشٹٹ گارٹ سے چار گولوں سے ہارنا پڑا۔ کائزرزلاؤٹرن اور وولفس برگ کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ ہینوور اور آؤگس برگ کے درمیان میچ بھی برابر رہا لیکن اس میچ میں دونوں ٹیمیں دو دو گول کرنے میں کامیاب رہیں۔ شالکے کلب کو فرائی برگ سے ایک گول کے فرق سے ہارنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد 55 ہے اور اس کی قریب ترین حریف بائرن میونخ کی دوسری پوزیشن ہے، جس کے پوائنٹس 48 ہیں۔ ڈورٹمنڈ کو بائرن پر سات پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔ تیسری پوزیشن پر مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 47 ہے۔ نچلی پوزیشنوں پر کائزرزلاؤٹرن اور فرائی برگ ہیں۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: عابد حسین