بنڈس لیگا: کائزرز لاؤٹرن بدستور ناکام
10 مارچ 2012اس میچ کے بے نتیجہ رہنے سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے، لیکن کائزرز لاؤٹرن پوائنٹس ٹیبل پر بدستور نچلی یعنی اٹھارہویں پوزیشن پر ہے۔ اس ٹیم کے لیے یہ مسلسل پندرہواں میچ تھا، جس میں جیت اس سے کوسوں دُور رہی ہے۔
آج ہفتے کو اس میچ ڈے کے دوسرے روز چھ مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ وولفس برگ اور لیورکوزن کے درمیان ہو گا۔ دوسرے میچ میں مائنز اور نیورمبرگ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دیگر میچوں میں مؤنشن گلاڈ باخ اور شالکے، بائرن اور ہوفن ہائم، کولون اور ہیرتھا برلن اور آؤگس برگ اور ڈورٹمنڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
اتوار کو اس میچ ڈے کے دو آخری مقابلوں میں بریمن کی ٹیم ہینوور کا اور شالکے کی ٹیم ہیمبرگ کا سامنا کرے گی۔
ان مقابلوں کے نتائج سے پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تاہم ڈورٹمنڈ کی ٹیم آؤگس برگ کے خلاف مقابلہ جیت کو پہلی پوزیشن پر اپنی گرفت اور بھی مضبوط بنا سکتی ہے۔ ڈورٹمنڈ دفاعی چیمپئن ہے اور اس وقت پچپن پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
تاہم اس میچ ڈے کے دوران بقیہ پوزیشنوں میں اکھاڑ پچھاڑ ہو سکتی ہے۔ بائرن میونخ اڑتالیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور مؤنشن گلاڈباخ سینتالیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
دوسری پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے بائرن کو ہوفن ہائم کے خلاف ہفتے کے دن کا میچ جیتنا ہوگا۔ دوسری صورت میں اس کے کھلاڑیوں کو یہ دُعا مانگنا ہو گی کہ مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم بھی شالکے کے ہاتھوں ہار جائے، بصورت دیگر دوسری پوزیشن بائرن کے ہاتھوں سے نکل جائے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت چوتھے نمبر پر چوالیس پوائنٹس کے ساتھ شالکے ہے۔ لیور کوزن چالیس پوائنٹس کے ساتھ پانچوں نمبر پر ہے۔ بریمن چھٹے، ہینوور ساتویں اور شٹٹ گارٹ آٹھویں نمبر پر ہے اور ان کے پوائنٹس بالترتیب چھتیس، پینتیس اور بتیس بنتے ہیں۔
نویں نمبر پر نیورمبرگ، دسویں پر ہوفن ہائم، گیارہویں پر وولفس برگ، بارہویں پر مائنز، تیرہویں پر ہیمبرگ، چودھویں پر کولون، پندرہویں پر برلن، سولہویں پر آؤگسبرگ اور سترہویں نمبر پر فرائی برگ ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: مقبول ملک