1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا اختتام: نیورمبرگ اور براؤنشوائگ کی تنزلی

عابد حسین12 مئی 2014

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کا رواں سیزن مکمل ہو گیا ہے۔ بائرن میونخ نے چیمپیئن شپ 24 ویں مرتبہ جیتی ہے۔ ڈورٹمنڈ کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔ ہیمبرگ کی ٹیم تنزلی کی دہلیز پر ہے اور اُسے پلے آف کا سامنا ہے۔

بنڈس لیگا چیمپیئن: بائرن میونختصویر: Hassenstein/Bongarts/Getty Images

بائرن میونخ نے جرمن قومی فٹ بال لیگ کی چیمپیئن شپ انتہائی بھاری سبقت سے جیتی ہے۔ اسی سبقت کی بنیاد پر اُس کا چیمپیئن شپ جیتنے کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا تھا۔ بنڈس لیگا کی 51ویں چیمپیئن شپ میں یہ بائرن کی 24 ویں کامیابی ہے۔ بائرن فٹ بال کلب، بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے اختتام پر اپنی قریب ترین حریف ٹیم سے بھی 29 پوائنٹس آگے تھا۔ اِس کے کُل پوائنٹس کی تعداد 90 رہی۔ ہفتے کے روز بنڈس لیگا کے آخری میچ ڈے کے موقع پر بائرن نے ہیمبرگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔

شائقین کی جانب سے ہیمبرگ کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ سیکنڈ لیول نہیں پہنچناتصویر: AFP/Getty Images

بنڈس لیگا کے ختم ہونے والے سن 2013 / 14سیزن میں چیمپیئن ٹیم نے کُل 29 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بائرن کے نئے کوچ پیپ گورڈیوئلا چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم سے بہتر کارکردگی حاصل نہیں کر سکے لیکن بنڈس لیگا میں اُن کی ٹیم کی کامیابی پر وہ بہت خوش دکھائی دیے۔ اپنی ٹیم کی اِس کارکردگی پر گورڈیوئلا نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوسے کہا کہ اُن کے کوچنگ سیزن کے پہلے سال میں بائرن کی پرفارمنس شاندار رہی۔

بنڈس لیگا کے اب تک کے تمام سیزن میں شرکت کرنے والی ٹیم ہیمبرگ اِس وقت تنزلی کی دہلیز پر ہے۔ ماضی کی مضبوط ٹیم کو پلے آف کا سامنا ہے۔ ہیمبرگ کو اب بنڈس لیگا کے درجہ دوم کی تیسری پوزیشن کی ٹیم گروئتھر فیورتھ سے دو میچ کھیلنے ہیں اور اُن میں کامیابی کی صورت ہی میں وہ بنڈس لیگا کے درجہ اول میں اپنی موجودہ پوزیشن کو برقرار رکھ سکے گی۔ ہیمبرگ کی ٹیم نے 31 برس قبل بنڈس لیگا کی چیمپیئن شپ بھی جیتی تھی۔ بنڈس لیگا کے درجہ دوم کا آخری میچ ڈے اتوار کے روز کھیلا گیا۔

روایت کے مطابق بنڈس لیگا کی چیمپیئن شپ کے اختتام پرتین ٹیموں کو تنزلی کا سامنا ہوتا ہے۔ ٹاپ لیگ سے نیورمبرگ اور آئنٹراخٹ براؤن شوائگ کو دوسرے لیول میں دھکیل دیا گیا ہے نیورمبرگ کو چیمپیئن شپ کے دوران کھیلے گئے 34 میچوں میں 26 اور براؤن شوائگ کو 25 پوائنٹس حاصل ہوئے تھے۔ تیسری ٹیم کا فیصلہ پلے آف کے بعد ہو گا۔ بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول سے ایف سی کولون اور پاڈربورن کی ٹیموں نے قومی لیگ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بنڈس لیگا میں دوسری پوزیشن ڈورٹمنڈ کو ملی۔ اُس کے پوائنٹس کی تعداد 71 تھی۔ اب اگلے ہفتے کے شام میں دارالحکومت برلن میں بائرن میونخ اور ڈورٹمنڈ کی ٹیمیں جرمن کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کر رہی ہیں۔ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ جرمن کپ کا فائنل میچ ہر سال برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا جاتا ہے۔ بنڈس لیگا میں تیسری پوزیشن شالکے کو ملی اور اُس کے پوائنٹس 64 تھے۔ چوتھے مقام پر 61 پوائنٹس کے ساتھ بائر لیورکوزن کی ٹیم رہی اور وولفس برگ کی ٹیم 60 پوائٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کر سکی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں