بنڈس لیگا کا تیسرا میچ ڈے ختم، ہوفن ہائیم سرفہرست
13 ستمبر 2010بنڈس لیگا میں اتوار کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں کولون نے سینٹ پولی کو ہرا کر اس سیزن کی پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے تین پوائنٹس حاصل کئے۔ کولون اس سے پہلے کھیلے جانے والے دو میچز میں ویرڈر بریمن اور کائزس لاؤٹن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔
تھرڈ میچ ڈے کے سلسلے میں جمعہ کو ایک میچ کھیلا گیا، جو ہوفن ہائیم اور شالکے کے درمیان ہوا۔ اس میچ میں ہوفن ہائیم دو صفر سے فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی۔
ہفتے کو کل چھ میچ کھیلے گئے۔ جن میں سے ایک اہم میچ دفاعی چیمپئین بائرن میونخ اور ویرڈر بریمن کے درمیان بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کے لئے موجودہ سیزن کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہیں ہوا۔ تھرڈ میچ ڈے کے اختتام پر بریمن پوائنٹس ٹیبل پر 10ویں جبکہ بائرن میونخ 11ویں پوزیشن پر ہے۔
ہفتہ ہی کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں فرینکفرٹ نے مونشن گلاڈ باخ کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ سے باہر گزشتہ سولہ سال کی سب سے بڑی جیت حاصل کی، جو صفر کے مقابلے میں چار گول کی تھی۔
دیگر میچوں میں بائرلیورکوزین اور ہینوور کے درمیان میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ڈورٹمنڈ نے وولفس بُرگ کے مقابلے میں صفر کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی، جبکہ فرائی بُرگ نے شٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ ہفتہ کے دن کھیلا گیا چھٹا میچ ہیمبرگ اور نیورمبرگ کے درمیان تھا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ جرمن قومی فٹبال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے تیسرے ہفتے کے میچ مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ ہوفن ہائیم ابھی تک سرفہرست ہے اور اسکے پاس نو پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبر پر اب مائنز کی ٹیم ہے جبکہ اس نے بھی نو پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔ سات پوائنٹس کے ساتھ ہیمبرگ اب تیسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ سات ہی پوائنٹس کے ساتھ ہینوور اب تیسری سے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح سے پانچویں پوزیشن اب کائزس لاؤٹن کے پاس ہے جو گزشتہ روز چوتھی پوزیشن پر تھی۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : ندیم گِل