بنڈس لیگا کا دوسرا مرحلہ شروع
14 جنوری 2011سردیوں کے وقفے کے بعد شروع ہونے والے بنڈس لیگا کا پہلا مقابلہ ہی کانٹے دار تصور کیا جا رہا ہے۔ اس وقت تک ڈورٹمنڈ نے کل سترہ میچ کھیلے ہیں اور صرف دو میچ ہی ہارے ہیں جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر وہ 43 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔ بائر لیورکوزن اور ایف سی وی مائنز 05 دونوں کے ہی تینتیس تینتیس پوائنٹس ہیں لیکن اچھی گول اوسط کی بنیاد پر مائنز دوسرے جبکہ لیور کوزن تیسرے نمبر پر ہے۔
جرمنی میں فٹ بال کی سمجھ بوجھ رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈورٹمنڈ کو کوئی ٹیم شکست دے سکتی ہے تو وہ لیورکوزن ہی ہے۔ اس لئے آج کا میچ انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ کیونکہ اسی سے تعین ہو سکے گا کہ فی الحال بنڈس لیگا کا تاج پہنے ہوئے ڈورٹمنڈ کا کلب اپنے دس پوائنٹس کی برتری قائم رکھے گا یا نہیں۔ اس میچ میں لیور کوزن کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ڈورٹمنڈ کے کوچ Juergen Klopp کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں اور ان کی ٹیم لیورکوزن کے خلاف اپنا اہم میچ مثبت سوچ کے ساتھ کھیلے گی۔ دوسری طرف ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ لیور کوزن کے دو سٹار کھلاڑی یعنی مڈ فیلڈر میشائل بالاک اور اسٹیفان کیسلنگ آج کے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ دونوں کھلاڑی انجری کے باعث کئی ہفتوں سے مشکلات کا شکار ہیں۔ لیور کوزن کے کوچ Jupp Heynckes نے کہا ہے کہ اگرچہ دونوں کھلاڑی پریکٹیس سیشن میں صحت مند نظر آ رہے ہیں تاہم ڈورٹمنڈ کے خلاف ان کو کھیلانے یا نہ کھیلانے کا فیصلہ کھیل کے آغاز سے قبل ہی کیا جائے گا۔
چار ہفتوں کے وقفے کے بعد شروع ہونے والے بنڈس لیگا کے اٹھارہویں میچ ڈے کے دوران کل نو میچ کھیلے جائیں گے۔ جن میں سے ایک میچ جمعہ کو، چھ میچ ہفتے کو جبکہ دو میچ اتوار کو منعقد کیے جا رہے ہیں۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ہنوور 96 چوتھے، بائر میونخ پانچویں جبکہ فرائی برگ کی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے۔ بنڈس لیگا سیزن کے پہلے مرحلے میں تمام ٹیموں نے سترہ سترہ میچ کھیلے جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی ہر ٹیم اتنے ہی میچ کھیلے گی۔ سیزن کے اختتام پر جس ٹیم کے پوائنٹس سب سے زیادہ ہوں گے وہ اس سیزن کی فاتح ٹیم قرار پائے گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: امتیاز احمد