بنڈس لیگا کا نیا سیزن شروع
20 اگست 2010بنڈس لیگا یا فیڈرل فٹ بال لیگ کے 48 ویں سیزن کے آغاز پر دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کلب کی ٹیم وولفسبرگ کے مد مقابل ہو گی۔ یہ میچ آج جمعے کو میونخ کے الائنس ایرینا نامی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ کے لئے بائرن میونخ کی ٹیم فیورٹ سمجھی جا رہی ہے۔
پہلے میچ ڈے کے دوران کل نو میچ کھیلے جائیں گے۔ میونخ اور وولفسبرگ کے مابین ہونے والے میچ کے علاوہ دیگر چھ میچ ہفتے کے دن جبکہ باقی دو اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
بنڈس لیگا یورپ میں کلب سطح کے قومی فٹ بال مقابلوں میں ایک معتبر حیثیت کی حامل ہے۔ اس لیگ میں ظاہر ہے کہ صرف جرمن کلب ہی حصہ لیتے ہیں، جن کی کل تعداد اٹھارہ ہوتی ہے۔ ہرکلب کو کل چونتیس میچ کھیلنا ہوتے ہیں۔ بنڈس لیگا کی انتظامیہ کی کوشش ہوتی ہے کہ ان میچوں کا انعقاد جمعے، ہفتے اور اتوار کے دن ہو تاہم کبھی کبھار انتظامی وجوہات کی بنا پر ان میچوں کے دن تبدیل بھی کر دئے جاتے ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران کھیلے گئے میچوں کو صرف ایک دن تصور کیا جاتا ہے۔ یعنی جمعے، ہفتے اور اتوار کو کھیلے گئے تمام میچ مل کر بنڈس لیگا کا ایک میچ ڈے کہلاتے ہیں۔
جب بنڈس لیگا کے سترہ میچ ڈے مکمل ہو جاتے ہیں تو پھر موسم سرما کا وقفہ کیا جاتا ہے۔ اس وقفے کو بنڈس لیگا کا نصف بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس دوران جو ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہوتی ہے، وہ غیر رسمی طور پر موسم خزاں کی چیمپیئن کہلاتی ہے تاہم باقاعدہ اور حتمی چیمپیئن وہی کلب ہوتا ہے، جو پورے سیزن میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرے۔
گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی فیورٹ ٹیم بائرن میونخ کی سمجھی جا رہی ہے۔ نہ صرف ماہرین بلکہ بنڈس لیگا میں شریک مختلف کلبوں کے کوچ بھی اس بات پر زیادہ تر متفق ہیں کہ میونخ کا یہی کلب نہ صرف اپنی تکنیک کے اعتبار سے مضبوط ترین ہے بلکہ اس کے پاس جرمنی اور کئی دیگر ملکوں کے بہترین کھلاڑی بھی ہیں۔
بنڈس لیگا کے نئے سیزن میں کچھ جرمن سٹار کھلاڑی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ وہ دیگر پورپی کلبوں میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ ان میں ویردر بریمن نامی کلب کے میسوت اوئزل اور شٹٹ گارٹ کے سمیع خدیرا سرفہرست ہیں۔ ان دونوں نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت حالیہ عالمی فٹ بال کپ میں نوجوان جرمن ٹیم کو تیسری پوزیشن دلوائی تھی۔
دوسری طرف جرمن فٹ بال ٹیم کے کپتان میشائیل بالاک ایک مرتبہ پھر بنڈس لیگا کا حصہ بنیں گے۔ وہ لندن کے چیلسی کلب کو خیر باد کہہ کر اب جرمنی میں بائر لیورکوزن کلب جوائن کر چکے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک