1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: گولڈن جوبلی سیزن کا آغاز

25 اگست 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے پچاسویں سیزن کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور بریمن کے درمیان شیڈیول تھا۔ اس میچ سے رواں برس کی قومی فٹ بال لیگ کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔

تصویر: Reuters

بنڈس لیگا کے نئے سیزن کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن بورُوسیا ڈورٹمنڈ اور ویردر بریمن کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں کامیابی دفاعی چیمپئن کو حاصل ہوئی۔ ڈورٹمنڈ نے دو گول کیے۔ بریمن کی جانب سے صرف ایک گول کیا جا سکا۔ وقفے پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم ایک گول سے جیت رہی تھی۔ گیارہویں منٹ میں یہ گول ڈورٹمنڈ کے 23 سالہ نوجوان فارورڈ مارکو روئس (MARCO REUS) نے کیا۔ ہاف ٹائم تک ڈورٹمنڈ نے اس گول کا شاندار انداز میں نہ صرف دفاع کیا بلکہ اس سبقت کو مستحکم کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھیں۔

دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ نے اپنا پہلا میچ جیت لیا ہےتصویر: Getty Images

دوسرے ہاف میں بریمن کی ٹیم نے میچ کو برابر کر دیا۔ بریمن کی جانب سے یہ گول چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی تھیوڈور گیبرے زیلاسی (THEODOR GEBRE SELASSIE) نے پچھترویں منٹ میں کیا۔ اس گول کے صرف چھ منٹ بعد ڈورٹمنڈ کے ایک اور نوجوان کھلاڑی ماریو گوئٹسے (MARIO GöTZE) نے اکیاسویں منٹ میں کیا۔ گوئٹسے صرف بیس برس کے ہیں۔ ڈورٹمنڈ کے کوچ ژوئرگن کلوپ (Jürgen Klopp) نے اس جیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈورٹمنڈ کے خلاف بریمن کی ٹیم صرف ایک گول کر سکیتصویر: Getty Images

آج ہفتے کے روز سات میچ شیڈیول ہیں۔ کل اتوار کے روز بنڈس لیگا کا پہلا میچ ڈے ہینوور اور شالکے کے درمیان کھیلے جانے والے میچ پر مکمل ہو جائے گا۔ جرمنی کا مشہور فٹ بال کلب بائرن میونخ بھی اس مرتبہ ٹرافی جیتنے کی شدید خواہش رکھتا ہے۔ ہفتے کے روز بائرن میونخ کا میچ درجہ دوم سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم گروئتھر فوئرتھ (Greuther Fuerth) کے خلاف ہے۔ ماہرین کے خیال میں مشہور جرمن کلب بائرن میونخ اس میچ کو جیتنے کی پوزیشن میں ہے اور میونخ شہر کا فٹ بال کلب پہلے میچ ڈے سے ہی پہلی پوزیشن کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ گول کرنے کی کوشش کرے گا۔

یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ انچاس سالوں میں بائرن میونخ نے اکیس مرتبہ بنڈس لیگا کی چیمپئن شپ جیتی ہے۔ بظاہر بائرن میونخ نے رواں سیزن کی ابتداء تو عمدگی سے کی ہے۔ کوئی پندرہ روز قبل سُپر جرمن کپ میں میونخ نے بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ کو شکست دی تھی۔ اس کے علاوہ جرمن کپ میں بھی بائرن میونخ نے درجہ دوم کی ٹیم ژان ریگنزبُرگ (Jahn Regensburg) کو چار گول سے ہرایا تھا۔

لگاتار دو برسوں سے بنڈس لیگا کی ٹرافی حاصل کرنے والی ڈورٹمنڈ ٹیم کو رواں سیزن میں ہٹ ٹرک چیمپئن شپ کی طلب ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے پچاسویں بنڈس لیگا کو جیتنے کی خواہش تو تقریباً تمام اٹھارہ ٹیموں کو ہو گی لیکن جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کے چیرمین کارل ہائنز رُومینیگے (Karl-Heinz Rummenigge) نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مرتبہ خاص طور پر ان کے کلب کی نگاہ گولڈن جوبلی بنڈس لیگا کی ٹرافی کا حصول ہے۔

ah/at (dpa, AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں