بنڈس لیگا، ہینوور نے میونخ کا جادو توڑ دیا
24 اکتوبر 2011بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن میں بائیس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن کی ٹیم میونخ نے اس میچ میں شکست کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ تاہم ہینوور نے ’اپ سیٹ‘ کرتے ہوئے اب اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے۔
اتوار کے روز لیورکوزن کو شکست دینے والی ٹیم شالکے کے بھی اب اٹھارہ پوائنٹس ہو گئے ہیں لیکن وہ اچھی گول اوسط کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر ہے۔ دسویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبرکا اعزاز ڈورٹمنڈ کے پاس ہے۔
اتوار کو ہینوور کے AWD ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے میونخ کے کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا۔ بنڈس لیگا کے اس گرما گرم میچ میں دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کیا گیا۔
کھیل کے 23 ویں منٹ میں ہینوور کی نمائندگی کرنے والے ناروے کے فارورڈ کھلاڑی محمد عبدل اوے نے انفرادی طور پر ٹورنامنٹ کا ساتواں گول کر کے میونخ کو الجھن میں ڈال دیا۔ بعد ازاں 50 ویں منٹ میں کرسچیان پانڈر نے دوسرا گول کر کے میچ پر ہینوور کی گرفت مضبوط بنا دی۔
میونخ کی طرف سے کئی حملے کیے گئے تاہم ہینوور کا دفاع عمدہ رہا۔ آخر کار 83 ویں منٹ میں آسٹریا کے اسٹار کھلاڑی ڈیوڈ الابا نے گول کر کے میونخ کو کچھ حوصلہ دلایا مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ تیرہ میچوں بعد میونخ کی یہ پہلی شکست تھی۔
اتوار کو ہی بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں شالکے کی نمائندگی کرنے والے پیرو کے اسٹرائیکر جیفرسن فارفان نے میچ کا واحد گول کر کے لیورکوزن کے خواب چکنا چور کر دیے۔ لیورکوزن کی ٹیم اس میچ میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔
بنڈس لیگا کے دسویں میچ ڈے کے اختتام پر لیگ کی تمام یعنی اٹھارہ ٹیموں نے اپنے دس دس میچ کھیل لیے ہیں۔ جرمن وفاقی فٹ بال لیگ کا گیارہواں میچ ڈے اٹھائیس اکتوبر بروز جمعہ کو شروع ہو گا، جو تیس اکتوبر بروز اتوار تک جاری رہے گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف