1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیشی رکن پارلیمان کا بھارتی شہر کولکاتا میں قتل

جاوید اختر، نئی دہلی
23 مئی 2024

کولکاتا پولیس نے بنگلہ دیش کے رکن پارلیمان محمد انوارالعظیم کے قتل کی تصدیق کردی ہے۔ بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات منظم طریقے سے انجام دی گئی اور اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش  انوارالعظیم
بنگلہ دیش کی حکمراں عوامی لیگ کے رکن پارلیمان انوارالعظیم کی مسخ شدہ لاش کولکاتا کے نیو ٹاون ایریا میں ملیتصویر: Md. Nasim

ابتدائی گومگو کی صورت حال کے بعد کولکاتا پولیس نے اس بات کی تصدیق کردی کہ بنگلہ دیش کی حکمراں عوامی لیگ کے رکن پارلیمان انوارالعظیم کی مسخ شدہ لاش شہر کے نیو ٹاون ایریا میں مل گئی ہے۔

کولکاتہ کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ،"ان کی لاش کئی ٹکڑوں میں کٹی ہوئی تھی اور اس کے کچھ حصے کولکاتا کے نیو ٹاون میں سنجیو گارڈن کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئے۔" انہوں نے مزید بتایا کہ انوارالعظیم کی لاش ان کے لاپتہ ہونے کے آٹھ دن بعد ملی۔

بنگلہ دیش: بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم پرحکومت کا ردعمل

بھارت بنگلہ دیش کے انتخابی نتائج سے خوش کیوں ہے؟

مغربی بنگال کے انسپکٹر جنرل پولیس (سی آئی ڈی) اکھلیش کمار چترویدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انوارالعظیم  13 مئی سے لاپتہ تھے۔ ان کی بیٹی نے ان سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی تھیں لیکن ناکام رہیں۔ قتل کے واقعے کی تفیش کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم قائم کردی گئی ہے۔

انہو ں نے مزید بتایا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے اس کیس کی تفتیش کے لیے حکومت مغربی بنگال کو ایک خط موصول ہوا ہے۔"ہم اس کیس کو حل کرنے کی اپنے طورپر بہترین کوششیں کریں گے۔"

انوارالعظیم کی لاش کئی ٹکڑوں میں کٹی ہوئی تھی اور اس کے کچھ حصے سنجیو گارڈن کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئےتصویر: Satyajit Shaw/DW

یہ ایک منظم قتل ہے، بنگلہ دیشی وزیر داخلہ

ڈھاکہ سے شائع ہونے والے روزنامے 'ڈیلی اسٹار' کے مطابق ملکی وزیر داخلہ اسدالزماں خان نے حکمراں عوامی لیگ کے رکن پارلیمان ً56 سالہ انوارالعظیم کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹکڑوں میں کٹی ہوئی ان کی لاش کولکاتا میں ملی۔

 انہوں نے کہا کہ "انوارالعظیم کا قتل منظم انداز میں کولکاتہ میں ایک مکان میں کیا گیا۔"

بھارتی بنگلہ دیشی تعلقات پڑوسی ممالک کے لیے رول ماڈل، شیخ حسینہ

بنگلہ دیش میں مندروں کی توڑ پھوڑ پر بھارت کا اظہار تشویش

اسد الزماں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے قتل کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ،" ہم مزید افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہماری اب تک کی اطلاع کے مطابق قتل کے اس واقعے میں ہمارے ملک کے لوگ ہی ملوث ہیں۔"

پولیس کے مطابق نیوٹاون کے فلیٹ پر خون کے دھبے پائے گئےتصویر: Satyajit Shaw/DW

اس بارے میں ہمیں اور کیا معلوم ہے؟

تین بار کے رکن پارلیمان انوارالعظیم علاج کے خاطر 13مئی کو کولکاتا آئے تھے۔ وہ پہلے بارانگر میں اپنے ایک دوست سونے کے تاجر گوپال بسواس سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے۔ اس کے بعد نیوٹاون میں ایک فلیٹ میں منتقل ہوگئے، جسے انہوں کے کرایے پر لیا تھا۔ اس کے بعد وہ وہاں سے لاپتہ ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نیوٹاون کے فلیٹ پر خون کے دھبے پائے گئے اور فارینزک ٹیم نے اس کے نمونے حاصل کرلیے۔پولیس نے اپارٹمنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی۔ فوٹیج میں ایک نامعلوم خاتون اور ایک مرد کو پندرہ اور سترہ مئی کے درمیان اپارٹمنٹ کمپلکس سے نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس دوران انوارالعظیم کی بیٹی ممترین فردوس نے ڈھاکہ میں کہا کہ" میں چاہتی ہوں کہ ملزمین کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ میں اپنے والد کے قتل کا انصاف چاہتی ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "میں نے ڈھاکہ پولیس کے تفتیشی شعبے کے سربراہ سے ملاقات کی ہے اور ان سے یہ پتہ لگانے کی درخواست کی کہ میرے والد کا قاتل کون ہے اور انہیں کیوں قتل کیا گیا۔"

ادھر ڈھاکہ میں انسپکٹر جنرل پولیس عبداللہ المامون نے کہا کہ "بھارتی پولیس اور ہم مل کر کام کررہے ہیں۔ ہم بھارتی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔"

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں