1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیشی کھلاڑی کو ٹیم میں لینے پر شاہ رخ خان 'غدار‘ قرار

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
1 جنوری 2026

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سنگیت سوم نے بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کے ایک کھلاڑی کو خریدنے پر غدار قرار دیا۔

ادا کارہ شاہ رخ خان
بی جے پی کے رہنما نے مستفیض الرحمان کو خریدنے پر شاہ رخ خان پر  تنقید کی اور ان کی ٹیم کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ انہیں اپنی ٹیم میں کھیلنے کا موقع نا دیں تصویر: Himanshu Sharma/Anadolu/picture alliance

آئی پی ایل ٹیموں کے لیے حال ہی میں کھلاڑیوں کی نیلامی ہوئی تھی، جس میں ان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو خریدا تھا۔

بی جے پی کے رہنما نے اسی بات پر شاہ رخ کو "غدار" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غداروں کو بھارت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

بی جے پی رہنما سنگیت سوم کا تعلق بھارتی ریاست اتر پردیش سے ہے اور انہوں نے اپنی پارٹی کے ایک اجلاس کے دوران یہ بات کہیں، جس کا ویڈیو میڈيا کے مختلف فورم پر وائرل ہو رہا ہے۔ 

تاہم کانگریس پارٹی کے رہنما سریندر راجپوت نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود یہ ایک "غدار" پارٹی ہے۔

بی جے پی رہنما نے اصل میں کیا کہا؟ 


ریاست اتر پردیش کی قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن سنگیت سوم نے بنگلہ دیش میں مبینہ طور پر "ہندوؤں اور اقلیتوں کے خلاف مظالم کا ذکر کرتے ہوئے، شاہ رخ خان پر بنگلہ دیشی کرکٹر کے خریدنے پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر اور بھارتی میڈیا اداروں نے بی جے پی رہنما کا جو ویڈيو شیئر کیا ہے اس میں بی جے پی کے رہنما  خبردار کر رہے ہیں کہ اگر رحمان جیسے کھلاڑی کھیلنے کے لیے بھارت آتے ہیں تو، "ایئر پورٹ کے باہر قدم تک نہیں رکھ پائیں گے، یہ ہم دعوے کے ساتھ کہہ رہے ہیں۔"

واضح رہے کہ 16 دسمبر کو آئی پی ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران شاہ رخ خان کی ٹیم نے بنگلہ دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمان کو  9.2 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ بی جے پی رہنما نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا، "شاہ رخ خان جیسے غداروں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جس طریقے کی غداری آپ دیش کے ساتھ کر رہے ہیں، تو آپ کو یہاں تک اگر کسی نے پہنچایا، تو ملک کے لوگوں نے پہنچایا ہے۔ آپ کو اگر پیسہ ملتا ہے تو یہاں کے دیش کے لوگوں سے ملتا ہے، لیکن آپ اسی پیسے سے دیش کے ساتھ غداری کرتے ہیں۔"

بھارتی صدر دروپدی مرمو 2023 میں ادارکار شاہ رخ خان کو ایک فلم میں بہترین کارکردگی کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازتے ہوئے تصویر: Sonu Mehta/Hindustan Times/Sipa USA/picture alliance

سنگیت سوم نے کہا، "آپ کبھی پاکستان کو چندہ دینے کی بات کرتے ہیں، کبھی رحمان جیسے کھلاڑیوں کو خریدنے کی بات کرتے ہیں۔ اب یہ اس ملک میں نہیں چلنے والا ہے۔ ان غداروں کے لیے دیش میں کوئی جگہ نہیں رہے گی، یہ میں بتا دینا چاہتا ہوں۔" 

انہوں نے دہلی سے متصل میرٹھ میں ایک عوامی تقریب کے دوران کہا، "ایک طرف بنگلہ دیش میں ہندو مارے جا رہے ہیں اور دوسری طرف آئی پی ایل میں بنگلہ دیشی کرکٹرز کو خریدا جا رہا ہے۔"

ہندوؤں کے ایک روحانی بابا دیو کنندن ٹھاکر نے بھی رحمان کو خریدنے پر شاہ رخ خان پر  تنقید کی اور ان کی ٹیم کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ انہیں اپنی ٹیم میں کھیلنے کا موقع نا دیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سناتن اور ہندوؤں کے عقیدت مندوں نے شاہ رخ کو ملک کا اسٹار بنایا ہے، پھر بھی ٹیم کے مالک نے، "اس بات پر غور کیے بغیر کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو مارا جا رہا ہے اور زندہ جلایا جا رہا ہے اور لڑکیوں پر حملہ کیا جا رہا ہے، بنگلہ دیشی کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔"  

تاہم کانگریس پارٹی کے رہنما سریندر راجپوت نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خود یہ ایک "غدار" پارٹی ہے۔

انہوں نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں کہا، "وہ شاہ رخ خان پر صرف اس لیے حملہ کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔"

کیا فلموں میں شاہ رخ خان فرنچ اور ٹام کروز اردو بولتے دکھائی دیں گے؟

04:49

This browser does not support the video element.

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں