1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: احمدیہ مسجد پر حملہ، خود کُش حملہ آور ہلاک

25 دسمبر 2015

بنگلہ دیش کے ذیلی ضلع باگمارا میں جمعے کو احمدیوں کی ایک مسجد پر ہونے والے بم دھماکے میں ایک مشتبہ خود کُش بمبار کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

تصویر: Reuters

پولیس کے مطابق احمدیہ جماعت کی یہ مسجد بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ سے 250 کلو میٹر کے فاصلے پر قائم ذیلی ضلع باگمارا میں قائم ہے۔ مسجد اُس وقت نمازیوں سے بھری ہوئی تھی جب یہ بم دھماکہ ہوا۔ اس علاقے کے مقامی پولیس کے چیف مطیع الرحمان نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’’اس بم دھماکے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ لگتا ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا اور وہ ایک مشتبہ خود کُش بم حملہ آور تھا‘‘۔

احمد تبشیر چودھری احمدیہ جماعت بنگلہ دیش کے ایک ترجمان ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’جمعے کی نماز کے وقت دو نامعلوم افراد وہاں پہنچے تھے۔ اُس وقت وہاں 100 کے قریب نمازی موجود تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔‘‘

تومبر میں اس شیعہ مسجد پر دہشت گردانہ حملہ ہوا تھاتصویر: Getty Images/AFP/M. Zaman

اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری نے کہا،’’ بم دھماکہ عین نماز کے دوران ہوا اور اُن دو نامعلوم افراد میں سے ایک موقع پر ہی ہلاک ہو گیا‘‘۔ احمد تبشیر کا مزید کہنا تھا کہ دیگر چار احمدی نمازی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ کسی بھی گروپ نے تاحال اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم حالیہ مہینوں میں مقامی عسکریت پسند گروپ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش JMB اور اسلامک اسٹیٹ گروپ کی طرف سے متعدد دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔ خاص طور سے شمالی بنگلہ دیش میں ایک بہت بڑے شیعہ بُزرگ کے مزار اور ایک شیعہ نمازیوں کی مسجد پر ہونے والے حملے میں بھی یہی گروپ ملوث تھے اور انہوں نے اس کا اقرار بھی کیا تھا۔ ایسے ہی ایک حملے میں ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی دو مسیحی پادری بال بال بچے تھے۔

بنگلہ دیش میں بم دھماکے روزمرہ کا معمول بن چُکے ہیںتصویر: AP

سال رواں میں بنگلہ دیش میں سیکولر بلاگرز پر متعدد دہشت گردانہ حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں چار معروف بنگلہ دیشی بلاگرز جبکہ ایک ناشرکی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ اس کے علاوہ دو غیر ملکیوں کو جن میں سے ایک جاپانی فارمر تھا جبکہ دوسرا اطالوی ایڈ ورکر، کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ دو پولیس اہلکار بھی ان انتہا پسند گروپوں کے تشدد کا نشانہ بن کر ہلاک ہو چُکے ہیں اور بنگلہ دیش میں بہت سے مسحیحی مبلغوں کو دھمکیاں مل چُکی ہیں۔

گزشتہ ہفتے بندرگاہی شہر چٹا گانگ میں نیوی بیس کے اندر قائم ایک مسجد میں دو بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

عسکریت پسند گروپ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش JMB ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کر چُکی ہے تاہم وزیراعظم شیخ حسینہ کی سرکار مرکزی اپوزیشن پارٹی اور اُس کے اسلامی اتحادیوں پر ملک میں طوائف الملوکی پھیلانے کی کوششوں کا الزام عائد کر رہی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں