1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنائے، جان کیری

عاطف بلوچ29 اگست 2016

امریکی وزیر خارجہ نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنائے۔ آج ڈھاکا میں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن حکومت انسداد دہشت گردی کے لیے ڈھاکا کے ساتھ تعاون مزید بہتر بنائے گی۔

USA Bangladesch Kerry bei Hasina
تصویر: Getty Images/AFP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج اپنے اولین سرکاری دورہ بنگلہ دیش کے دوران کہا ہے کہ ایسے شواہد ملے ہیں کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ سلسلہ وار حملوں میں انتہا پسند گروہ داعش ملوث ہے۔

کیری نے آج ڈھاکا میں بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک انسداد دہشت گردی سے متعلق امور میں تعاون مزید بہتر بنائیں گے۔

دوسری طرف بنگلہ دیشی ہوم منسٹر اسد الزمان خان نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ کیری کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں انتہا پسندی کے واقعات میں کوئی غیر ملکی تنظیم یا جنگجو ملوث نہیں ہے، ’’ہمارے ملک میں جنگجو ہیں، جو اس سرزمین سے ہی انتہا پسندی کی طرف مائل ہوئے ہیں۔‘‘

اس ایک روزہ دورے کے دوران کیری نے اپوزیشن رہنماؤں کے علاوہ انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے مزدور اور ٹریڈ یونینیوں کے سرکردہ رہنماؤں سے ملاقاتوں میں بنگلہ دیش کی گارمنٹس انڈسٹری میں بہتری لانے کے حوالے سے بھی مذاکرات کیے۔

کیری نے کہا کہ بنگلہ دیشی گارمنٹس فیکٹریوں کی حفاظتی معائنہ کاری کے لیے امریکی حکومت ڈھاکا کو مدد فراہم کرے گی۔

کیری نے بنگلہ دیشی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک انسداد دہشت گردی سے متعلق امور میں تعاون مزید بہتر بنائیں گےتصویر: Getty Images/AFP

بنگلہ دیشی وزیر اعطم شیخ حسینہ واجد اور وزیر خارجہ محمود علی سے ملاقات کے بعد جان کیری نے کہا کہ واشنگٹن اور ڈھاکا خفیہ معلومات کے تبادلے کے حوالے سے تعاون مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے اس دوران یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیش میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے جمہوری اقدار کو فروغ انتہائی ضرروی ہے۔

کیری بنگلہ دیش کا دورہ مکمل کرتے ہوئے بھارت روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ امریکی بھارتی اسٹریٹیجک اینڈ کمرشل ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں