1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں بس پر پٹرول بم حملہ، سات افراد ہلاک

کشور مصطفیٰ4 فروری 2015

مشرقی بنگلہ دیش میں زیادہ تر سوئے ہوئے مسافروں سے بھری ایک بس پر حکومت مخالف مظاہرین کے ایک پٹرول بم حملے میں کم از کم سات مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/Zumapress/S. Kanti Das

اس دہشت گردانہ واقعے کو وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کی مہم اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششوں کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس چیف توتُل چکرورتی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’منگل کی صبح چار بجے اس مسافر بس پر پٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ سات مسافر بس میں ہی جل کر ہلاک ہوگئے۔ پانچ مسافروں کے جسم 40 سے 80 فیصد تک جھُلس گئے۔ وہ اپنی موت سے جنگ کر رہے ہیں تاہم ان کے بچنے کی امید کم ہے۔‘‘ اس پولیس اہلکار کے مطابق ان زخمیوں کو دارالحکومت ڈھاکا کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’یہ قتل ہے اور ہم مجرموں کا سراغ لگا لیں گے۔‘‘

زخمیوں کو دارالحکومت ڈھاکا کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/A. Abdullah

اس دہشت گردانہ حملے میں بچ جانے والے بس مسافروں نے بتایا کہ بس مقامی مسافروں سے بھری ہوئی تھی جو کوکسس بازار نامی علاقے سے راتوں رات لوٹ رہے تھے۔ ایک نجی ٹیلی وژن چینل کو بیان دیتے ہوئے بچ جانے والے ایک مسافر کا کہنا تھا، ’’میں مسافروں کی چیخ و پکار سن کر جاگا تو میں نے دیکھا کہ بس میں لگی ہوئی آگ میں لوگ جھلس رہے ہیں، میں بس کی ایک کھڑکی سے باہر کودنے میں کامیاب ہو گیا اور باہر بھی میں نے ایک دوست کو جلتے ہوئے دیکھا۔ میں نے آگ میں کود کر اس کو بچانے کی کوشش کی۔ اس کی حالت بہت نازک ہے۔‘‘ ضلعی پولیس سربراہ کے مطابق 15 مسافروں کو، جنہوں نے بس کی کھڑکیوں سے باہر چھلانگ لگائی تھی، معمولی زخم آئے ہیں۔

پولیس انسپکٹر محفوظ الرحمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ حکام کو شبہ ہے کہ اپوزیشن جماعت بی این پی کے کارکن اس پٹرول بم حملے میں ملوث ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد قریبی دیہات میں چھاپے مارے گئے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

سیاسی انتشار کے سبب بنگلہ دیش میں آئے دن خونریز ہنگامے ہو رہے ہیںتصویر: DW/M. Mamun

ادھر ڈھاکا میڈیکل کالج ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے مطابق منگل کو ایک اور شخص راتوں رات ایک وین پر ہونے والے حملے میں جل کر ہلاک ہو گیا۔ اس طرح گزشتہ چند ماہ سے بنگلہ دیش میں سیاسی انتشار کی آگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر ہلاکتیں بسوں اور لاریوں پر کیے گئے پٹرول بم حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔

بنگلہ دیش میں پولیس نے مظاہروں کے آغاز کے بعد سے اب تک سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں اپوزیشن کے قریب دس ہزار حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق قریب 850 گاڑیوں کو یا تو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا یا انہیں شدید نقصان پہنچایا گیا۔ اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

حکام نے تشدد کی روک تھام کے حوالے سے 69 سالہ اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا پر دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے جو تین جنوری سے اپنے دفتر میں پناہ لیے ہوئی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں