بنگلہ دیش کوارٹر فائنل میں اور انگلینڈ ناک آؤٹ
9 مارچ 2015آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ میں پیر کے دن کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے باز محمداللہ اور وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اوورز میں 275 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 103 اور 89 رنز بنائے۔ عالمی کپ مقابلوں میں کسی بنگلہ دیشی بلے باز کی یہ پہلی سنچری تھی۔ انگلش بولرز جیمز اینڈرسن اور کرس جارڈن نے دو دو جبکہ اسٹیورٹ براڈ اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
276 رنز کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں نے ابتدائی طور پر اچھا کھیل پیش کیا لیکن اوپنر معین علی اور ون ڈاؤن ایںڈریو ہیلز کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر میں کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ کپتان مورگن ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر اور کرس ووکس نے عمدہ شراکت داری سے میچ کا پانسہ پلٹنے کی کوشش کی لیکن بٹلر کے 65 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد ’بنگالی ٹائیگرز‘ نے انگلینڈ کو 260 کے مجموعی رنز پر ہی آؤٹ کر دیا۔
اگرچہ بٹلر اور ووکس کی شاندار 75 رنز کی شراکت داری نے بنگالی بولرز کو پریشان کیا لیکن روبیل حسین نے اپنے ایک ہی اوور میں براڈ اور اینڈرسن کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔ اس میچ کے بعد گروپ اے میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم نے بھی کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
اس میچ کے بعد انگلش کپتان اوئن مورگن نے کہا، ’’ورلڈ کپ سے باہر ہونا ، ناقابل یقین مایوسی کا باعث ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں انگلش ٹیم کی کارکرردگی متاثر کن نہیں رہی لیکن وہ چاہتے تھے کہ کوارٹر فائنل تک رسائی کر لی جائے۔ بنگلہ دیش نے ایک روزہ میچوں میں تیسری مرتبہ انگلینڈ کو شکست دی ہے۔ چار سال قبل بھی عالمی کپ کے ایک میچ میں بنگلہ دیش نے چٹاگانگ کے مقام پر انگلش ٹیم کو ہرایا تھا۔
بنگلہ دیش کے کپتان نے کہا ہے کہ وہ اس کامیابی کے بعد فخر محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے محمداللہ، مشفق الرحیم اور روبیل حسین کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے ان کی ٹیم کی ہمت بڑھی ہے اور وہ ناک آؤٹ راؤنڈ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ بنگلہ دیش نے اپنا آخری گروپ میچ نیوزی لینڈ سے کھیلنا ہے لیکن وہ کوارٹر فائنل میں ممکنہ طور پر بھارت کے مد مقابل آ سکتی ہے۔