1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف کسی ٹیسٹ سیریز میں پہلی فتح

3 ستمبر 2024

پاکستان کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے منگل تین ستمبر کو راولپنڈی میں ختم ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھی تاریخی کامیابی حاصل کر لی اور پہلی بار پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہ صرف جیتی بلکہ سویپ بھی کر لی۔

سیریز کے بہترین کلھلاڑی قرار دیے گئے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر مہدی حسن میراز، درمیان میں، دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران اپنی پانچویں وکٹ لینے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ خوشی مناتے ہوئے
سیریز کے بہترین کلھلاڑی قرار دیے گئے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر مہدی حسن میراز، درمیان میں، دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران اپنی پانچویں وکٹ لینے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ خوشی مناتے ہوئےتصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

اپنے موجودہ دورہ پاکستان کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم نے میزبان ملک کی قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں، جو راولپنڈی ہی میں کھیلا گیا تھا، مہمان ٹیم نے پاکستان کو دس وکٹوں سے ہرا کر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔

راولپنڈی ہی میں کھیلے گئے اور آج ختم ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو چھ وکٹوں سے ہرا یہ سیریز بھی دو صفر سے جیت لی۔

’پاکستان کی کرکٹ ختم ہو گئی‘

اس سیریز کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں بنگلہ دیشی ٹیم نے دونوں ہی میچوں میں نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ پہلے میچ کا نتیجہ یہ تھا کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ میں ہرایا تھا۔ دوسرے میچ کا نتیجہ یہ نکلا کہ مہمان ٹیم نے بنگلہ دیشی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نہ صرف پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز جیتی بلکہ نتیجہ دو صفر رہنے کے ساتھ یہ سیریز سویپ بھی کر لی۔

مہدی حسن میراز راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک شاٹ کھیلتے ہوئےتصویر: Farooq Naeem/AFP/Getty Images

دوسرے ٹیسٹ میچ کا اسکور

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنائے تھے، جن کے جواب میں مہمان ٹیم کا پہلی اننگز کا اسکور 262 رہا تھا۔ پھر اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم محض 172 رنز بنا سکی تھی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا تھا۔

اس میچ میں پہلے دن کوئی کھیل نہیں ہو سکا تھا، جس کی وجہ بارش رہی تھی۔ کل پیر دو ستمبر کو چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو بنگلہ دیش کا دوسری اننگز میں اسکور بغیر کسی نقصان کے 42 رنز تھا۔

اس کے بعد آج آخری دن چائے کے وقفے سے 25 منٹ قبل بنگلہ دیش نے مجموعی طور پر صرف چار وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا لیے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جیت کے بعد بھارتی ٹیم کی ستائش

پیر دو ستمبر کے روز دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے بلے باز میر حمزہ اور ان کے خلاف آؤٹ کی اپیل کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کھلاڑیتصویر: AAMIR QURESHI/AFP

میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی

دوسرے ٹیسٹ میچ کا بہترین کھلاڑی بنگلہ دیشی وکٹ کیپر لٹن داس کو قرار دیا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں چار چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم نے ان کے ساتویں نمبر پر کریز پر آنے سے پہلے ہی میچ جیت لیا۔

اس سیریز کا بہترین کھلاڑی بنگلہ دیشی آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کو قرار دیا گیا۔ انہوں نے دونوں میچوں میں مجموعی طور پر 155 رنز بنائے اور 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اس سیریز کے بعد آئی سی سی کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اب بھی پہلے نمبر پر ہی ہے اور بنگلہ دیش چوتھے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ پاکستان نو ممالک کی اس فہرست میں اب آٹھویں نمبر پر اور صرف ویسٹ انڈیز سے اوپر ہے۔

م م / ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)

افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی

02:01

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں