1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کے سابق محافظ کی جرمنی بدری کا معاملہ پھر عدالت میں 

16 جولائی 2018

جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں حکام القائدہ نیٹ ورک کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے مبینہ محافظ کی ملک بدری کو غیر قانونی قرار دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رہے ہیں۔

Screenshot | Sami A. - mutmaßlicher Leibwächter Osama bin Ladens
تصویر: Youtube/spiegeltv

اسامہ بن لادن کے سمیع  اے نامی اس سابق باڈی گارڈ کی ملک بدری روکنے کے عدالتی فیصلے کے باوجود اُسے دو روز قبل اُس کےآبائی وطن تیونس بھیج  دیا گیا تھا۔

تیونس پہنچنے پر سمیع اے کو تیونسی حکومت نے حراست میں لے لیا تھا۔

 ایک جرمن عدالت نے بیالیس سالہ سمیع اے کو تیونس بھیجے جانے کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تیونس کی حکومت کی جانب  سے اس حوالے سے کرائی گئی سفارتی یقین دہانی ناکافی ہے کہ سمیع اے پر وہاں تشدد نہیں کیا جائے گا۔

مغربی جرمن شہر گیلزن کرشن کی عدالت نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ اسامہ بن لادن کے سابق محافظ کی ملک بدری غیر قانونی ہے اور اسے لازمی طور پر تبدیل کیا جانا چاہیے۔

نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ آرمین لاشیٹتصویر: picture-alliance/dpa/G. Kirchner

نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی صوبائی وزارت مہاجرت اور بوخم شہر کی انتظامیہ آج بروز پیر سمیع اے کی ملک بدری کو خلاف قانون قرار دینے کے اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رہے ہیں۔

نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ آرمین لاشیٹ نے ریاستی حکومت کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا،’’ ہم سیاست دانوں کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہوتا ہے اور یہی اسٹیٹ گورنمنٹ نے کیا۔‘‘

اس کیس پر اپیل کا فیصلہ اعلی درجے کی ایک انتظامی عدالت کرے گی۔

سمیع اے پہلی مرتبہ بطور طالب علم سن انیس سو ستانوے میں جرمنی آئے تھے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ انیس سو ننانوے تا سن دو ہزار افغانستان میں واقع ایک عسکری تریبتی کیمپ میں رہے، انہوں نے وہاں تربیت حاصل کی اور اس دوران اسامہ بن لادن کے ایک محافظ کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں۔ سمیع ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران وہ پاکستانی شہر کراچی اور پشاور میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

ص ح / ا ا / نیوز ایجنسی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں