1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوسنیا کی خاتون جنگل میں مہاجرین کی کیسے مدد کر رہی ہے؟

28 فروری 2021

بوسنیا ہیرزیگووینا کے شہر ویلیکا کلاڈوسا کی رہائشی یاسمین ہُوسیدیچ قریبی جنگلوں میں پھنسے مہاجرین کی دیکھ بھال کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان مہاجرین کو نئی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

Bosnien | Verzweifelte Lage | Migranten aus Bangladesch
تصویر: Arafatul Islam/DW

ویلیکا کلاڈوسا کی رہائشی یاسمین ہُوسیدیچ کا یہ معمول ہے کہ وہ دفتر سے نکلنے کے بعد ایک قریبی سپر مارکیٹ جا کر ضروریاتِ زندگی کا سامان خریدتی ہیں اور پھر شہر کے نزدیکی جنگل پہنچ کر اس سامان کو وہاں مقیم مہاجرین میں خوراک تقسیم کرتی ہیں۔

اس خوراک میں خشک چاول اور گوشت کے علاوہ چولہا جلانے والا تیل بھی ہوتا ہے۔ وہ یہ کام سورج ڈوبنے سے قبل مکمل کرنے کی کوشش میں ہوتی ہیں۔

مہاجرين يورپ پہنچنے کے ليے کون سا راستہ استعمال کر رہے ہيں؟

مہاجرین کی مشکلات اور یاسمین ہوسیدیچ

ہنگری نے مہاجرین کی اپنے ملک میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سرحدوں پر سخت نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ان اقدامات میں سرحدوں پر خاردار باڑ لگانے کے ساتھ اضافی بارڈر پولیس کی نفری بھی تعینات کر رکھی ہے۔ اس صورت حال میں یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہونے کے لیے مہاجرین نے متبادل راستے کا استعمال شروع کر رکھا ہے اور یہ بوسنیا سے ہو کر گزرتا ہے۔

بوسنیا ہیرزیگووینا کے شہر ویلیکا کلاڈوسا کے قریبی جنگلوں میں پھنسے مہاجرین اپنا کھانا پکاتے ہوئےتصویر: Arafatul Islam/DW

اس راستے میں بظاہر کوئی بھی تارکِ وطن رُکنا نہیں چاہتا لیکن آگے جانا بھی نہایت مشکل ہے۔ ایسے حالات میں جنگلات میں پھنسے مہاجرین کے لیے ویلیکا کلاڈوسا کی رہائشی یاسمین ہُوسیدیچ ایک بہت بڑی مدد ہیں۔

ہُوسیدیچ نے کئی مہاجروں کو شدید سردی میں پہننے والے بوٹوں کے جوڑے بھی بانٹے اور اس کے علاوہ جینز کی پینٹوں کے ساتھ ساتھ بڑے پلاسٹک بیگز بھی فراہم کیے۔

کروشیا میں پاکستانی سمیت 13 انسانی اسمگلر گرفتار

امداد دینے کا یاسمین ہوسیدیچ کا موقف

ایک مقامی حکومتی دفتر میں کام کرنے والی اس خاتون نے ان مہاجرین کو اپنی بساط سے بڑھ کر راحت دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اپنے اس کارِ خیر کے حوالے سے وہ کہتی ہیں کہ ان کی دو بیٹیاں ہیں اور وہ دونوں دوسرے یورپی ملکوں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ہُوسیدیچ کہتی ہیں کہ ان کی دونوں بیٹیاں جرمنی اور آسٹریا میں بطور تارکینِ وطن تعلیم حاصل کر سکتی ہیں تو دوسرے ممالک کے افراد کو ان ممالک میں داخل ہونے کی اجازت کیوں نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے امدادی سلسلے کا آغاز مہاجرین کے لیے وقف ایک پرانی فیکٹری سے شروع کیا تھا۔ یہ فیکٹری عام لوگوں اور انتظامی حلقے میں 'چمنی‘ کے نام سے مشہور ہے۔

بوسنیا ہیرزیگووینا کے شہر ویلیکا کلاڈوسا کے قریبی جنگلوں میں پھنسے مہاجرین سخت سردی میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیںتصویر: Anupam Deb Kanunjna/DW

بُرے رویوں کی توقع ممکن ہے

یاسمین ہُوسیدیچ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کے بعض شہریوں کے افعال پر شرمندگی محسوس کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اس امدادی عمل میں کئی مرتبہ خراب حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ایک بوسنیائی شہری نے ہُوسیدیچ کی شکایت پولیس سے بھی کی تھی کہ یہ مہاجرین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کیا یورپی سرحدی پولیس مہاجرین کو پیچھے دھکیل رہی ہے؟

دوسری یورپی ممالک کی مہاجرین دوست تنظیموں کا کہنا ہے کہ بوسنیا کے انتظامی اہلکار مہاجرین کی امدادی سرگرمیوں کے راستے میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہیں جو انتہائی نامناسب اقدام ہے۔ ہُوسیدیچ کو بھی دوسرے اہلکار پریشان کرنے سے گریز نہیں کرتے۔

ہوسیدیچ کے ساتھ اور بھی کچھ ہمدرد لوگ اس کام میں شریک ہیں جو اپنی مہاجرین دوست تنظیم رجسٹر کرانے کو کوشش میں۔

مارینا اسٹراس (ع ح، ع ا)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں