1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوس و کنار پر پابندی، روسی پريشان

31 جنوری 2020

روس ميں صارفين کے معاملات پر نگاہ رکھنے والے ايک واچ ڈاگ نے اپنے شہريوں کو ہدايت دی ہے کہ کورونا وائرس کی تيزی سے پھيلتی ہوئی نئی قسم کے تناظر ميں بوس و کنار سے پرہيز کيا جائے۔

Symbolbild: Jemanden riechen können / Fehlender Geruchssinn bei Frau und Mann
تصویر: Colourbox/S. Potter

صارفين کے حقوق کے تحفظ کی نگرانی کرنے والے ايک روسی واچ ڈاگ Rospotrebnadzor نے روسی شہريوں کو ہدايت دی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے، بوسہ دينے یا چوم کر خوش آمديد کہنے وغيرہ سے پرہيز کريں اور چہروں پر ماسک پہن کر رکھيں۔ شہريوں سے کہا گيا ہے کہ وہ بالخصوص بھيڑ والے مقامات پر ايسے عوامل سے بچيں۔ يہ ہدايات کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے دی گئی ہيں۔

اگرچہ روس ميں اب تک کورونا وائرس کا کوئی بھی کيس سامنے نہيں آيا ہے ليکن پڑوسی ملک چين کے ساتھ روابط اس احتياطی تدبير کی وجہ بنے۔ روس نے سرحدی پابنديوں بھی عائد کر رکھی ہيں جن کا مقصد وائرس کا روس ميں ممکنہ پھيلاؤ روکنا ہے۔

تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online/Tetra Images

روس کے سرکاری واچ ڈاگ نے ان روسی کمپنيوں کو بھی خصوصی ہدايات دی ہيں، جن ميں چينی ملازمين کام کرتے ہيں اور نئے قمری سال کی چھٹيوں کے سلسلے چين گئے ہوئے ہيں۔ ايسی کمپنيوں سے کہا گيا ہے کہ وہ چين گئے ہوئے ملازمين کی چھٹياں غير معينہ مدت تک کے ليے بڑھا ديں۔

واچ ڈاگ نے حفظان صحت کے حوالے سے بھی تازہ ہدايات جاری کيں۔ لمبے بالوں والوں سے کہا گيا ہے کہ وہ بال باندھ کر رکھيں۔ لوگوں کو تجويز کيا گيا ہے کہ وہ دروازوں کے ہينڈل نہ پکڑيں اور عوامی مقامات پر فلو کی علامات والے افراد سے دور رہيں۔

روس نے چين کے ساتھ اپنی سرحد پيدل سفر کرنے والوں اور ديگر ذاتی گاڑيوں کے ليے بند کر رکھی ہے۔ سامان بردار ٹرينوں کی آمد و رفت البتہ فی الحال جاری ہے۔ علاوہ ازيں ماسکو اور بيجنگ کے درميان چلنے والے مسسافر ٹرين فی الحال معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں