1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بول سے بجلی تیار، موبائل چارج

افسر اعوان18 جولائی 2013

برطانوی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ انہوں نے بَول یا پیشاب کی مدد سے اس قدر بجلی تیار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے جس سے وہ ایک موبائل فون کو چارج کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

تصویر: Fotolia/bloomua

انگلینڈ کی یونیورسٹی آف برسٹل اور برسٹل روبوٹکس لیبارٹری کے محققین کے مطابق انہوں نے ایک ایسا فیول سیل تیار کیا ہے جو بیکٹیریا کو استعمال کرتے ہوئے پیشاب کو اس طرح کیمیائی طور پر توڑتا ہے کہ اس سے بجلی پیدا ہوتی ہے۔ ان محققین کی طرف سے یہ دعویٰ رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے تحقیقی جریدے ’فزیکل کیمسٹری، کیمیکل فزکس‘ میں شائع ہونے والی تحقیق میں کیا گیا ہے۔

جب پیشاب سیلنڈرز سے گزرتا ہے تو بیکٹیریا اس کے کیمائی اجزاء کو توڑ دیتے ہیں جس سے کم مقدار میں الیکٹریکل چارج پیدا ہوتا ہےتصویر: gemeinfrei

ان محققین میں شریک انجینئر لوانِس لیروپولوس کے بقول، ’’اب تک کسی نے بھی پیشاب سے بجلی پیدا کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی۔ اس لیے یہ نئی دریافت سنسنی خیز ہے۔ توانائی کے اس ذریعے کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں ہم ہوا یا سورج کی شکل میں قدرت پر انحصار نہیں کر رہے۔ ہم دراصل ویسٹ کو دوبارہ استعمال کرکے توانائی پیدا کر رہے ہیں۔‘‘ لیروپولوس کا مزید کہنا تھا، ’’ایک چیز ایسی ہے جس کے بارے میں ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ اس کی دستیابی میں کمی نہیں ہوگی اور وہ ہمارا پیشاب ہے۔‘‘

محققین کی اس ٹیم نے کاربن فائبر کے اینوڈز پر بیکٹیریا پیدا کیے، جنہیں سیرامک سے بنے سیلنڈرز میں رکھ دیا گیا۔ جب بَول یعنی پیشاب ان سیلنڈرز سے گزرتا ہے تو یہ بیکٹیریا اس کے کیمائی اجزاء کو توڑ دیتے ہیں جس سے کم مقدار میں الیکٹریکل چارج پیدا ہوتا ہے،جسے کیپیسٹر پر اسٹور کر لیا جاتا ہے۔

لیروپولوس کو امید ہے کہ یہ سیل جس کا موجودہ سائز ایک کار کی بیٹری کے برابر ہے، کئی دیگر ضروریات کے لیے بھی تیار کیا جا سکتا ہے: ’’ہمارا ہدف یہ ہے کہ کوئی اس طرح کی چیز تیار کی جا سکے جسے باآسانی ساتھ رکھا جا سکے۔‘‘

لیروپولوس کو امید ہے کہ یہ سیل جس کا موجودہ سائز ایک کار کی بیٹری کے برابر ہے، کئی دیگر ضروریات کے لیے بھی تیار کیا جا سکتا ہےتصویر: DW/G. Rueter

اپنے تیار کردہ اس فیول سیل کی کارکردگی کے بارے میں لیروپولوس کا کہنا تھا، ’’اب تک جو مائیکروبیئل فیول پاور سٹیک (MFC) ہم نے تیار کیا ہے وہ اس قدر بجلی پیدا کر رہا ہے کہ جو موبائل فون کو اس حد تک چارج کر دیتا ہے کہ اس سے ایس ایم ایس بھیجے جا سکیں، انٹرنیٹ براؤزنگ کی جا سکے اور کم دورانیے کی ٹیلیفون کال بھی کی جا سکتی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا، ’’ہمارا تصور آزما لیا گیا ہے اور یہ کام کرتا ہے۔ اب یہ ہم پر ہے کہ ہم اس کے پراسیس کو کس طرح بہتر کرتے ہیں کہ ایسے MFC تیار کیے جا سکیں جو ایک بیٹری کو مکمل طور پر چارج کر سکے۔‘‘

ان برطانوی محققین کو امید ہے کہ آخر کار وہ ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جس سے گھریلو اشیا کو درکار بجلی کی ضرورت پوری کی جا سکے گی۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں