بِل اور میلنڈا گیٹس نے پیر کے روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ہم ستائیس برس کے اپنے ازدواجی تعلقات کو ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا”ہم سمجھتے ہیں کہ اب ہم ایک دوسرے کے ساتھ ازدواجی رشتے میں رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے۔"
امریکا کے بڑے تاجروں میں سے ایک اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس دنیا کے تیسرے سب سے دولت مند شخص ہیں۔
دونوں کے درمیان پہلی ملاقات 1987میں ایک بزنس ڈنر کے دوران ہوئی تھی، جب میلنڈا مائیکروسافٹ میں پروڈکٹ مینیجر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ دونوں نے اس کے تقریباً سات برس بعد شادی کرلی تھی۔ ان کے تین بچے ہیں۔
دونوں میں علیحدگی کے بعد مالیاتی تقسیم کی تفصیلات فی الحال نہیں بتائی گئی ہیں۔ تاہم بِل او رمیلنڈا دونوں نے ہی وارن بفیٹ گیونگ پلیج پر دستخط کر رکھے ہیں جس کے تحت انہوں نے اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی کاموں کے لیے خیرات کر دینے کا عہد کیا ہے۔ گیونگ پلیج مہم ارب پتی افراد سے اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کے لیے چلائی گئی مہم ہے۔
گیٹس کا کیا کہنا ہے؟
بِل اور میلنڈا گیٹس نے مشترکہ ٹوئٹ میں کہا ”بہت زیادہ غور و خوض کرنے اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"
انہوں نے مزید لکھا ”گذشتہ ستائیس برسوں کے دوران ہم نے تین قابلِ فخر بچوں کی پرورش کی ہے اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی ہے جو دنیا بھر میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو صحت مند اور سود مند زندگی گزارنے میں مدد کر رہی ہے۔"
دونوں نے اپیل کی کہ انہیں اور ان کے خاندان کی پرائیوسی کا خیال رکھا جائے کیونکہ اب وہ ایک نئی زندگی پر آگے قدم بڑھا رہے ہیں۔
رواں برس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کئی پرانے اور نئے چہرے شامل ہیں۔ ان میں مائیکروسوفٹ کے بانی سے لے کر ایک انیس سالہ نارویجین لڑکی تک دنیا کی متعدد ارب پتی شخصیات شامل ہیں۔
تصویر: Getty Images
بِل گیٹس
کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ادارے مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس امیر ترین لوگوں کی فہرست میں پہلے مقام پر ہیں۔ گیٹس نے ملیریا بخار کے خاتمے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ان کی ایک پہچان ایک بڑے مخیر شخص کی بھی ہے۔ ولیم ہنری گیٹس کی دولت کا حجم تقرییاً 76 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔ ارب پتی بل گیٹس نے اپنی دولت میں سے اپنے ہر بچے کے لیے محض دس ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔
تصویر: Reuters
امانسیو اورٹیگا
اناسی برس کے اورٹیگا نے فیشنی ملبوسات بنانے والے ادارے ’زارا‘ کی بنیاد سن 1975 میں رکھی تھی۔ ان کی مجموعی دولت کا حجم 68 بلین ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔ اورٹیگا نے زندگی میں صرف تین مرتبہ انٹرویو دیا ہے۔ وہ گھڑسواری کے شوقین ہیں۔ وہ کام پر بھی گھڑسواری کا لباس زیب تن رکھتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/abaca
وارن بفٹ
دنیا کے تیسرے امیر کبیر شخص امریکی کاروباری شخصیت وارن بفِٹ ہیں۔ اُن کی دولت 63 بلین ڈالر سے زائد ہے۔ وہ پچاسی برس کے ہیں۔ بفٹ کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ بچپن میں اخبارفروشی، کاروں کی پالش اور گولف کے پرانے گیند بیچنے والے بفٹ کو ہارورڈ بزنس اسکول میں داخلہ نہیں دیا گیا تھا۔
تصویر: AP
جیف بیزوس
پانچواں مقام 45 بلین ڈالر رکھنے والے جیف بیزوس کے پاس ہے۔ انہیں پہلی مرتبہ امیرکبیر افراد کی ٹاپ ٹین فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ بیزوس ایمیزون ادارے کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔ وہ گزشتہ برس پندرہویں مقام پر تھے۔ چو تھے امیرترین شخص میکسیکو کے ٹیلی کمیونیکیشن ٹائیکون کارلوس سلم ہیلُو ہیں، جو 50 بلین ڈالر سے زائد دولت کے مالک ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa
مارک زکر برگ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک کے بانی مارک زکر برگ دنیا کے چھٹے امیر ترین شخص ہیں۔ اکتیس برس کے زکربرگ کی دولت چوالیس بلین ڈالر سے زائد ہے۔ وہ بھی دنیا کے امیرکبیر افراد کی ٹاپ ٹین میں پہلی مرتبہ شامل ہوئے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں وہ بل گیٹس کے بعد دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ گزشتہ برس وہ سولہویں پوزیشن پر تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld
لیری ایلیسن
ساتویں امیر کبیر شخص ’اوریکل‘ ادارے کے بانی اور سابق چیف ایگزیکٹو لیری ایلیسن ہیں۔ وہ پینتالیس بلین ڈالر کے مالک ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ ایلیسن کو الی نوئے یونیورسٹی اور شکاگو یونیورسٹی میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر خارج کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے سن 1977 میں ڈیٹابیس سوفٹ ویئر مہیا کرنے والے ادارے ’اوریکل‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ وہ ٹیکنالوجیکل ورلڈ کے تیسرے امیرترین شخص ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Risberg
لیری پیج اور سیرگی برِن
گوگل ادارے کے مشترکہ بانی لیری پیج 35 بلین ڈالر سے زائد دولت کے ساتھ دنیا کے بارہویں امیر کبیر شخص ہیں اور اُن کے ساتھ سیرگی برِن 34 بلین ڈالر سے زائد دولت کے ساتھ امیر کبیر لوگوں میں تیرہویں مقام پر ہیں۔ ان کا گوگل سرچ انجن بنیادی طور پر اسٹینفورڈ یونیورسٹی کا ایک تحقیقی پراجیکٹ تھا اور یہ اُس وقت کی بات ہے جب انٹرنیٹ کی دنیا اپنے قدم جما رہی تھی۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Margot
لیلیان بیٹن کورٹ
میک اپ مصنوعات بنانے والے معروف ادارے ’لوریال‘ کی بانی یوجین شوئلر کی بیٹی لیلیان بیٹن کورٹ کی دولت چھتیس بلین ڈالر سے زائد ہے اور وہ ارب پتی خواتین میں پہلا مقام رکھتی ہیں۔ وہ سوئٹزرلینڈ کے خوراک ساز ادارے ’نیسلے‘ کی بھی حصے دار ہیں۔ اُن کو سن 2010 میں ایک ٹیکس اسکینڈل کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
الیگزانڈرا اینڈرسن
رواں برس ارب پتی افراد کی فہرست میں سب سے کم عمر الیگزانڈرا اینڈرسن کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ ناروے کی انیس سالہ نوجوان خاتون کو اربوں کی دولت اُن کے والد ژوہان اینڈرسن کی جانب سے ورثے میں ملی ہے۔ اُن کی بیس سالہ بہن کاترینا بھی اُن کے خاندانی کاروبار میں شریک ہیں۔ الیگزانڈرا کا خاندان گھوڑوں کا سوداگر ہے۔ وہ خود بھی ایک ماہر گھڑ سوار ہیں۔ وہ ایک بلین ڈالر سے زائد دولت کی تنہا مالک ہیں۔
تصویر: Screenshot Instagram/alexandraandresen
جان آر سمپلٹ
سب سے عمر رسیدہ ارب پتی جان رچرڈ سمپلٹ تھے۔ وہ 99 برس کی عمر میں سن 2008 میں انتقال کر گئے تھے۔ رحلت کے وقت وہ تین بلین ڈالر سے زائد کی دولت کے مالک تھے۔ انہوں نے آلُو کی کاشت اور پھر فروخت سے دولت کمانے کا آغاز کیا۔ آلو میں سے پانی کی مقدار کو ختم کرنے کا دنیا میں سب سے بڑا پلانٹ بھی سمپلٹ نے لگایا تھا۔ یہی خشک آلو دوسری عالمی جنگ میں امریکی فوجیوں کو بطور خوراک فراہم کیے جاتے تھے۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Cilley
10 تصاویر1 | 10
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن پر اس کا کیا اثر پڑے گا؟
ایک دوسرے سے علیحدہ ہوجانے کے باوجود بل اور میلنڈا نے کہا کہ وہ بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے لیے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں کہا”ہم اس مہم کو جاری رکھنے میں یقین رکھتے ہیں اور اس مشن کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔"
امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کا کہنا ہے کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کی جانب سے ٹیکس ادائیگی کے دستاویزات کے مطابق فاونڈیشن کے پاس پچاس ارب ڈالر سے زیادہ کے اثاثے ہیں۔
سن 2000 میں اس فلاحی ادارے کے آغاز کے بعد سے اس نے عالمی صحت، متعدی امراض کے خلاف جنگ، تعلیم اور بچوں میں ویکسینیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔
گیٹس نے کورونا وائرس کے ویکسین تیار کرنے کے لیے تحقیق پر بھی کافی بھاری رقم کی سرمایہ کاری کی ہے۔