بٹ اورعامر دوبارہ کھیلنے کے لئے پر امید
30 اکتوبر 2010بٹ اپنے وکیل خالد رانجھا جوکہ سابق وزیر بھی ہیں جبکہ عامر اپنے وکیل شاہد کریم کے ہمراہ دبئی پہنچے ہیں۔ دو روزہ سماعت کے بعد آئی سی سی کی جانب سے یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ان دونوں کھلاڑیوں پرعائد عارضی پابندی ختم کی جائے یا نہیں۔
دونوں کے وکلاء کا دعویٰ ہے کہ کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود نہیں لہذا ان پر لگائی گئی عارضی پابندی ختم ہو سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نےعندیہ دیا ہے کہ جونہی آئی سی سی ان کھلاڑیوں پر عائد عارضی پابندی ختم کرتی ہے تو انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔
سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ پُر امید ہیں کہ وہ جلد ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدانوں میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں گے۔ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی جلد از جلد دوبارہ ایکشن میں آنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ عامر کے بقول وہ چاہتے ہیں کہ پابندی ختم ہوتے ہی جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں شرکت کرسکیں۔
پاکستانی ٹیم کے حالیہ دورہء انگلینڈ میں سامنے آنے والے سکینڈل کے باعث آئی سی سی نے سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔ محمد آصف پر چونکہ دبئی جانے کی پابندی ہے اس لئے انہوں نے پابندی کے خلاف اپنی درخواست واپس لے لی تھی اور کچھ وقت بعد بہتر تیاری کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
سپاٹ فکسنگ سے متعلق برطانوی جریدے نیوز آف دی ورلڈ کی خبر کے بعد مبینہ طور پر ملوث کھلاڑیوں سے سکاٹ لینڈ یارڈ نے پوچھ گچھ کی تھی۔ اگرچہ فی الحال کسی بھی کھلاڑی پر باقاعدہ طور پر جرم ثابت نہیں ہوا ہے تاہم شک کی بنیاد پر ان پر کرکٹ نہ کھیلنے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عاطف بلوچ